نابالغہ کی عصمت دری کاملزم گرفتار
راجوری//راجوری کے بتھونی گائوں کی ایک چودہ سالہ لڑکی کی عصمت دری کرنے پر پولیس نے ایک لڑکے کو گرفتا رکرلیاہے جو پیشہ سے پینٹر ہے۔پولیس کے مطابق اس کے خلاف پولیس تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر391/2018 زیر دفعات 376, 342کا کیس درج کیاگیاہے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ یہ کیس لڑکی کے گھر والوں کی شکایت پر درج ہواجس میں الزام عائد کیاگیاہے کہ جموں سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکے نے ان کی بچی کی عصمت دری کی ہے اور وہ اسے حراساں کررہاہے۔اس شکایت پر پولیس نے راکیش کمار عرف منٹو ساکن بیلی چرانہ جموں کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
سریندر چوہدری نے ٹرانسفارمر کا افتتاح کیا
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے ٹاپ لنگر گائوں میں ایم ایل سی سریندر چوہدری نے بجلی کے ٹرانسفارمر کا افتتاح کیا۔ممبرقانون ساز کونسل و پی ڈی پی لیڈر سریندر چوہدری نے اپنے حلقہ اختیاراتی فنڈسے جاری کئے گئے بجلی کے ترسٹھ کے وی کے ٹرانسفارمر کا افتتاح کیا اوراس ٹرانسفارمر کو عوام کے نام وقف کیا۔انہوں نے اس موقعہ پر کہاکہ بجلی کے میدان میں کافی سدھار لایاہے اور نئے ٹرانسفارمر دیئے گئے ہیں جبکہ بنیادی ڈھانچہ کو بھی مضبوط کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ اس ٹرانسفارمر سے مقامی لوگوں کو بہتر بجلی سپلائی فراہم ہوگی ۔
عدالت میں حاضر ہونے میں ناکامی
محکمہ کسٹوڈین کے دو افسران کیخلاف بلاضمانت گرفتاری کے وارنٹ جاری
طارق شال
تھنہ منڈی// ایڈیشنل سپیشل موبائل مجسٹریٹ تھنہ منڈی نے حکم عدولی کرنے کی پاداش میں محکمہ کسٹوڈین کے دو افسران کے خلاف وارنٹ گرفتاری بلا ضمانتی جاری کئے ہیں۔عدالت نے بغرض تعمیل آئی جی رینج جموں کو بذریعہ پی او عدالت ہذا حاضر ہونے کی ہدایت بھی دی ہے۔سال 2016میں عبدالرشید ولد محمد الیاس سکنہ تھنہ منڈی نے عدالت ایڈیشنل سپیشل موبائل مجسٹریٹ تھنہ منڈی میں رقبہ خسرہ نمبر 768 تعدادی تین کنال ایک مرلہ کی الاٹمنٹ کی منسوخی کے سلسلہ میں حکم امتناعی جاری کروایا جسکی نقل ڈپٹی کسٹوڈین راجوری کو بذریعہ وکیل فراہم کی گئی۔ بعد ازآں عدالت ہذا نے سابق تحصیلدر تھنہ منڈی ، دفتر قانون گو تحصیل تھنہ منڈی و گرداور سرکل ساج ، سابق پٹواری حلقہ تھنہ منڈی ، ڈپٹی کسٹوڈین راجوری حال جموں،انسپکٹر کسٹوڈین راجوری حال جموں کے خلاف معاملہ نسبت حکم عدولی دیوانی درج کیا لیکن وہ عدالت کی پرواہ کئے بغر تا حال عدالت ہذا میں حاضر نہ ہوئے۔ عدالت ہذاکی طرف سے سابق تحصیلدار ت،سابق دفتر قانون گو و گرداوراور سابق پٹواری کو برائے طلبی سمن جاری کئے گئے ہیںجبکہ مسئولان کو عدالت ہذا میں پیش ہونے کے لئے بذریعہ سمن طلب کیا گیا تاہم انہوں نے عدالت ہذا کی پرواہ نہ کی جس کی پادا ش میںعدالت نے ڈپٹی کسٹوڈین اور انسپکٹرکے خلاف وارنٹ گرفتاری بلا ضمانتی جاری کرتے ہوئیپولیس کو ہدایت دی ہے کہ انہیں آٹھ اگست سے قبل گرفتار کرکے پیش کیاجائے۔
شوکت کاظمی نے محکمہ مال کے ریکارڈ کاجائزہ لیا
نیوز ڈیسک
راجوری//ریجنل ڈائریکٹر سروے ولینڈ ریکارڈز پیر پنچال شوکت حسین کاظمی نے مین ریکارڈ روم راجوری میں محکمہ مال کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کاجائزہ لیا۔ان کے ہمراہ راجوری اور چنگس کے نائب تحصیلدار بھی تھے۔ریجنل ڈائریکٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ریکارڈ کی اپ ڈیشن کے عمل میں سرعت لائیں اور دستاویز ات کومعیاری طرز پر سکین کیاجائے۔انہوںنے ریکارڈ روم کے انچارج کو ہدایت دی کہ ایسے دستاویزات حاصل کئے جائیں جو زیادہ اہمیت کے حامل ہوں ۔بعد ازآں ریجنل ڈائریکٹر نے محکمہ مال کے افسران اورخدمات فراہم کرنے والی کمپنی کے عہدیداران کے ساتھ ایک میٹنگ بھی منعقد کی اوراس بات پر زور دیاکہ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔
قومی کانگریس ورکنگ کمیٹی میں
آزاد اور قرہ کی نامزدگی کا خیر مقدم
کوٹرنکہ//کانگریس کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد اور سینئرلیڈر طارق حمید قرہ کو پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کا ممبر نامزد کئے جانے پر حلقہ انتخاب کے پارٹی کارکنا ن نے خوشی کا اظہار کیاہے۔کانگریس کے سینئرلیڈرمحمد اقبال ملک نے دونوں رہنمائوں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیاہے۔انہوں نے کہاکہ اس فیصلہ سے آنے والے چنائو کے دوران پوری ریاست میں پارٹی کو فائدہ ہوگا اور یقینا کانگریس مضبوط ہوکر بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔بلاک صدر کوٹرنکہ راج محمد راتھر نے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ دو بڑے لیڈران کو اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے جس سے پارٹی کارکنان میں نیا جوش پید اہوگا۔انہوں نے کہاکہ ریاست سے ورکنگ کمیٹی میں پہلی بار کسی کو ممبر کے طور پر چناگیاہے جو خو ش آئند بات ہے۔بلاک صدر درہال ہیبت اللہ ملک،بلاک صدر بدھل بشیر چستی ،بلاک کانگریس کمیٹی بدھل بشارت راتھر،نذیرحسین ،بدر دین ملک ،لیاقت علی، خورشید عالم ،تاج ٹھکر ،شفیق راز،رشید راتھراورشبیر ڈارنے بھی آزاد اور قرہ کی نامزدگی کے فیصلے کو سراہاہے۔
پانی اور بجلی کی عدم دستیابی
ہرنی میں متعلقہ حکام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
جاوید اقبال
مینڈھر//پینے کے پانی اور بجلی کی عدم دستیابی پرہر نی کے لو گو ں نے ہر نی تا سر نکو ٹ سڑک کو بند کر کے متعلقہ حکام کے خلاف احتجاج کیا ۔ مظا ہر ین کا کہنا تھا کہ علا قہ کا ٹرا نسفا رمر گزشتہ دو ہفتو ں سے خر اب ہے لیکن اس وقت تک متعلقہ محکمہ نے اس کی مر مت نہیں کی جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کاسامناہے ۔ انہو ں نے کہا کہ انہوں نے کئی مر تبہ محکمہ بجلی کے ملا زمین کوبھی اس بارے میں آگاہ کیاتاہم وہ کوئی دھیان نہیں دے رہے اور انتہائی درجہ کی غفلت کا مظاہرہ کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ آج وہ احتجاج کرنے کیلئے مجبور ہوئے ہیں ۔مظاہرین نے محکمہ بجلی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ اگر یہی صورتحال رہی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔اس دوران انہوں نے شکایت کی کہ علاقے میں پانی کی سہولت بھی فراہم نہیں ہورہی اور وہ پانی کے حصول کیلئے دربدر رہتے ہیں۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے نائب تحصیلدار ہر نی سید آفتا ب حسین شاہ مو قعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات کرکے ان کے مسائل حل کروائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی سپلائی بحال کی جائے گی اور پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجائے گا۔نائب تحصیلدار کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کیا اور سڑک کو آمدورفت کیلئے کھول دیاگیا۔
قرہ کی نامزدگی کا خیر مقدم
حسین محتشم
پونچھ//کانگریس کے سینئر لیڈر وسابق ممبر پارلیمنٹ و سابق وزیر خزانہ طارق حمید قرہ کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا ممبر نامزد کئے جانے پرپونچھ کے لوگوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے پونچھ یوتھ اینڈانٹریکچول فورم کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیافورم ارکان نے طارق حمید قرہ کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا ممبر بنائے جانے پر مبارک باد پیش کی ۔مقررین نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر عرصہ دراز سے ایک ایسے لیڈر کی تلاش میں تھی جو مسئلہ کشمیرسمیت تمام مسائل پر سنجیدگی سے بات کرسکے اور قرہ میں یہ تمام صلاحیتیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس فیصلے سے کانگریس پارٹی مضبوط ہوگی اور قرہ کی نامزدگی کا اقدام قابل سراہناہے۔
مختلف معاملات میں مطلوب تین مفرور ملزمان گرفتار
راجوری//راجوری پولیس نے تین افراد مفرور افراد کو گرفتارکرلیاہے جو مختلف معاملات میں اسے مطلوب تھے۔ایس ایچ او درہال حبیب پٹھان کی سربراہی میں ایک ٹیم نے محمد قاسم ولد عطا محمد ساکن پرگال درہال کو گرفتار کرلیا جو ایف آئی آر زیر نمبر52/2016زیر دفعات 376/366/458/343/147/323میں مطلوب تھا اور اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے کافی عرصہ سے مفرور تھا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اسے درہال کے بالائی علاقے سوم والی ڈھوک سے گرفتار کیاگیا۔ایک دوسری ٹیم نے ایس ایچ او منجاکوٹ اعجاز حیدر کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم محمد قیوم ولد محمد رفیق ساکن بھاٹہ دھوڑیاں مینڈھر کو گرفتار کرلیا جس کے خلاف پولیس تھانہ منجاکوٹ میں ایف آئی آر زیر نمبر5/2013زیر دفعات 376/363/109کاکیس درج تھا اور وہ گرفتاری سے بچنے کیلئے پچھلے پانچ سال سے مفرور تھا۔اسی طرح مختار احمد نامی ملزم کو بھی گرفتار کرلیاگیاہے جس کے خلاف پولیس تھانہ گورسائی میں ایف آئی آر زیر نمبر38/2014زیر دفعات366/376/341کاکیس درج ہے ۔اسے پولیس نے پنجہ چوک راجوری سے گزشتہ شام کو سب انسپکٹر اعجاز مرزا کی سربراہی میں گرفتار کرلیا۔مذکورہ ملزم چار سے مفرور تھا۔
بینک میں ملازمت کا جھانسادیکر رقومات کا حصول
راجوری پولیس نے ایک شخص گرفتارکرلیا
راجوری//راجوری پولیس نے کولگام ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کیاہے جس پر الزام ہے کہ وہ ریاست کے سب سے بڑے بینک میں ملازمت کا جھانسا دے کر پیسے وصول کررہاتھا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ کچھ شکایات موصول ہونے کے بعد سرتاج بٹ ولد غلام احمد ساکن کولگام کو گرفتار کیاگیاہے جس کی تحویل سے بینک میں ملازمت کے چار لیٹر بھی ملے ہیں جوتحقیقات کرنے پر سب کے سب فرضی ثابت ہوئے ہیں۔مذکورہ افسر نے بتایاکہ سرتاج کے خلاف پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر392/2018زیر دفعات 420, 467, 468کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شرو ع کردی گئی ہے۔بتایاجاتاہے کہ گرفتار کئے گئے شخص نے بینک میں ملازمت دینے کا جھانسا دے کر راجوری کے کئی لوگوں سے بھاری رقم وصول کی ہے۔
بڈھاامرناتھ یاتراانتظامات کاجائزہ لیاگیا
ڈپٹی کمشنر نے سیاحتی مقامات پر سٹال لگانے کی ہدایت دی
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے سترہ اگست سے شروع ہورہی بابا بڈھاامرناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔اس سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس،اے ڈی سی شیر سنگھ،اے ڈی سی سندر بنی گرمکھ سنگھ،ایگزیکٹو انجینئران فوج اور سی آر ایف پی افسران،بڈھاامرناتھ یاترا نیاس سمیتی کے فضاکاراور بجرنگ دل و وشو ہندو پریشد کے کارکنان بھی موجو دتھے۔اس موقعہ پر مختلف معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیااوراس بات پر زور دیاگیاکہ یاترا کو احسن طریقہ سے انجام دیاجائے گا۔اس موقعہ پر پانی کی سپلائی ،صفائی ستھرائی کے اہتمام،عارضی شیڈ وغیرہ کی تعمیر،راشن اور ایل پی جی سپلائی ،سیکورٹی انتظامات، ٹرانسپورٹ کا اہتمام،سڑکوں کی مرمت،طبی خدمات کی فراہمی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیاگیااور ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان انتظامات کو یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر سندر بنی سے بھمبر گلی تک کیلئے ٹریفک پلان بھی زیر بحث لایاگیااور یہ فیصلہ ہواکہ سندر بنی اور راجوری میں مناسب تعداد میں ٹریفک اہلکار تعینات رہیں گے جو غیر قانونی طور پر پارک کی جانے والی گاڑیوں پر نظررکھیں گے اور انہیں کرینوں کی مدد سے وہاں سے ہٹایاجائے گا۔یاتریوں کی سیکورٹی کے پیش نظر یہ فیصلہ ہواکہ متعینہ وقت کے بعد یاتریوں کی کسی بھی گاڑی کو پونچھ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سیاحت،ہینڈی کرافٹ،ہینڈلوم، ہارٹیکلچر اورمحکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سیاحتی مقامات پر اپنے اپنے سٹال لگائیں جس میں مقامی پیداوار کی نمائش کی جائے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس یاتراکے دوران ریاست اور بیرون ریاست سے ہزاروں کی تعداد میں یاتری پونچھ جاتے ہیں۔