نامعلوم گاڑی کی ٹکرمیں نوجوان لقمہ اجل
کٹھوعہ// جموں وکشمیرکے ضلع کٹھوعہ شہرکے کالج راستے پر ویروار کی دوپہر ہوئے سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی ہے۔پویس نے نعش لواحقین کوسونپ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق بائیک پرسوار18سالہ روہت شرما ساکنہ وارڈ 14 کی ٹکر کالج کے راستے پرکسی نامعلوم گاڑی سے ہو گئی جس کے پیش نظر نوجوان لڑکے کی موت موقع پرہی واقع ہوگئی۔ بتایا جاتاہے کہ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ بائیک بھی پوری طرح سے تباہ ہوگئی اور روہت کو بھی شدید چوٹیں آئیں۔مقامی لوگوںنے نوجوان کوضلع ہسپتال کٹھوعہ پہنچایا لیکن ڈاکٹروں نے اس سے مردہ قراردے دیا۔پولیس نے لاش کی پوسٹ مارٹم کرکے لواحقین کو سپرد کردی ۔ اس ضمن میں پولیس نے مزیدمعاملہ درج کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
کٹھوعہ میں ڈینگوکے 5 نمونے مثبت ہونے کی تصدیق
محکمہ صحت وطبی نگہداشت متحرک
کٹھوعہ// جموں وکشمیرکے ضلع کٹھوعہ میں ڈینگو کے پانچ معاملوںکی تصدیق ہونے کے بعد محکمہ صحت وطبی نگہداشت فوری طورپر متحرک ہوگیاہے۔ ذرائع نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاہے کہ ضلع میں اس طرح کے واقعات رونما ہونے کے بعدمیونسپل حکام نے اپنا تعاون فراہم کرتے ہوئے فاگ مہم چلانے کی قواعدبھی شروع کردی ہے ۔محکمہ کے کرمچاریوں نے جگہ جگہ پر مشینوں کا استعمال کرتے ہوئے ڈینگو جیسی وباء بیماری کے پھیلاؤ کی روکتھام کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں۔ محکمہ صحت کے اہلکاروں نے بھی مریضوں کے گھروں کے آس پاس متھلین سپرے کیلئے مہم شروع کردی ہے۔
جموں کشمیرپولیس کے اہلکارپاکستانی سانپوں کوکچلنے کے عادی : دلباغ سنگھ
ادھم پور// جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو اپنے پالے ہوئے سانپ ہی ڈس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پاکستان سانپ پالنے کا اپنا شوق ترک نہیں کرتا۔ دلباغ سنگھ جمعہ کے روز یہاں ریاستی پولیس کے عہدیداروں اور اہلکاروں کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی کے آنگن میں سانپ چھوڑنا بھی پاکستان کا شوق ہے لیکن جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار پاکستان کے چھوڑے ہوئے سانپوں کو کچلنے کے عادی بن گئے ہیں۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی لگائی ہوئی آگ اسے ہی تباہ اور برباد کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا ’آج ایک خبر ملی کہ ڈوڈہ کے ایک لڑکے نے ملی ٹینسی جوائن کی ہے۔ کشتواڑ، ڈوڈہ اور رام بن کے دورے کے دوران میں نے آگاہ کیا تھا کہ پڑوسی پاکستان نے اس طرح کا ماحول بنا رکھا ہے جہاں اس کو یہاں کی امن شانتی اچھی نہیں لگتی۔ اسے عادت ہوگئی ہے کہ خود بے شک وہ آگ میں جلے لیکن دوسرے کے گھر میں انہیں آگ ضرور دکھائی دینی چاہیے۔ ان کی لگائی ہوئی آگ انہیں خود تباہ اور برباد کررہی ہے۔ خود ان کے اسکولوں کے اندر حملے ہورہے ہیں۔ ان کے سیاسی لیڈران مارے جارہے ہیں‘۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو اپنے پالے ہوئے سانپ ہی ڈس رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’ ان کے اپنے پالے ہوئے سانپ انہیں ڈس رہے ہیں مگر اس کے باوجود انہیں ابھی بھی سانپ پالنے کا شوق ہے۔ اور یہ بھی شوق ہے کہ سانپ کو پڑوسی کے آنگن میں چھوڑا جائے۔ لیکن آپ (پولیس کے عہدیدار و اہلکار) بھی اب عادی ہوگئے ہو ۔ آپ بھی اس کے فن کو کچلنے کا ہنر رکھتے ہو۔ آپ نے کچلا ہے اور آپ آگے بھی کچلتے رہو گے‘۔ یو این آئی
پیپلز مومنٹ کی ٹیم کا سدھرا جموں کا دورہ
جے ڈی اے کی جانب سے انہدامی کاروائی کی مذمّت
جموں؍؍جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے گزشتہ روز جموں کے مضافات میں سدھرا علاقے کا دورہ کیا جہاں دوروز قبل جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی نے اچانک دھاوا بول کر درجنوں گھروں کو مسمار کر دیا ۔ گزشتہ روز پیپلز مومنٹ کے چیرمین میر شاہد سلیم کی قیادت میں ایک تین رکنی وفد نے جموں شہر کے شمال مشرقی علاقے سدرا کا دورہ کر کے دو روز قبل حکام کی جانب سے علاقے میں کی گئی انہدامی کاروائی کے نتیجے میں پیدا شدہ صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے پیپلز مومنٹ کے چیرمین کو بتایا کہ جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی نے بدھوار کو صبح کو بغیر کسی پیشگی اطلاع یا نوٹس کے ان کے مکانوں پر دھاوہ بول کر بیسیوں رہائشی مکانات کو مسمار کر دیا۔انہوں نے بتایا کے ان ظالموں نے روتے بلکتے بچوں کی پرواہ کئے بنا علاقے میں ایک درجن کے لگ بھگ بلڈوزر داخل کر کے انہدمی کاروائی شروع کر دی انہوں نے کہا کہ اس کاروائی کے دوران حکام نے جنہیں مصلح پولیس کی بھاری جمعیت کی حمایت حاصل تھی انہدامی کاروائی کے دوران اس قدر جابرانہ اور ظالمانہ رویہ اختیار کئے رکھا کہ انہوں نے گھروں میں موجود شیرخوار بچوں، بزرگوں اور بیماروں کو بھی باہر نکلنے کا موقعہ نہیں دیا ۔انہوں نے کہا اس طرح حکام آن کی آن میں درجنوں مسلم خاندانوں کے آشیانوں کو مسمار کر دیا ۔پیپلز مومنٹ کے چیرمین میر شاہد سلیم نے حکام کی جانب سے انہدامی کاروائی کی مذمّت کرتے ہوئے حکومت پر الزام لگایا کہ یہ ساری کاروائی فرقہ پرست جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی ائما پر کی جا رہی ہے جس کا مقصد جموں کے مضافات میں مسلم آبادی کو نشانہ بنانا ہے انہوں نے کہا اس سے قبل بھی انتظامیہ میں موجود فرقہ پرست عناصر مسلمانوں کو ٹارگٹ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکام نے جس غیر قانونی طریقہ سے سدرہ میں مسلم گھروں کو مسمار کیا ہے اس سے فرقہ پرست انتظامیہ کا اصل چہرا بے نقاب ہوا ہے۔
کارکنوں کا سفاکانہ اور بہیمانہ قتلِ ناحق قابل مذمت:نیشنل کانفرنس
جموں//نیشنل کانفرنس نے دہشت گردانہ حملے میں پارٹی کے دو کارکنوں کے سفاکانہ اور بہیمانہ قتلِ ناحق کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مرحومین کے جملہ سوگوران خصوصاً اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں جاری مشترکہ بیان میںصوبائی صدردویندرسنگھ راناکے علاوہ جن پارٹی عہدیداران نے ہلاکتوں کی مذمت کی ہے ان میں سابق وزیراجے کمارسدھوترہ ،ریاستی سیکریٹریزسرجیت سنگھ سلاتھیہ، رتن لال گپتااورسیدمشتاق احمدبخاری، ایم ایل اے مینڈھرجاویداحمدرانا،سابق وزیرہربنس سنگھ،مرکزی سیکریٹریزعبدالغنی ملک، ٹھاکررچھپال سنگھ اورسجاداحمد کچلو،سابق ممبران پارلیمنٹ شیخ عبدالرحمن اورمرزاعبدالرشید، ڈاکٹرکمل اروڑہ ایم ایلاے، ڈاکٹرشہنازگنائی ایم ایل سی، ٹھاکرکشمیرسنگھ سابق ایم ایل سی، خالدنجیب سہراوردی سابق ایم ایل اے، شیخ بشیراحمد صوبائی سیکریٹری، اعجازاحمدجان صوبائی صدریوتھ نیشنل کانفرنس ،سابق قانون سازیہ جگجیون لال ،قاضی جلال الدین ، ڈاکٹرچمن لال ،محمداسلم خان، ملک غلام حیدر، برج موہن شرما، دھیان چند، ساگرچند ،پریم ساگرعزیز،بابو رام پال، رحیم داد، وجے بقایا،حاجی محمدحسین، بھوشن لال بٹ، بملالتھرانائب صدروومن ونگ، ست پال لکھوترہ، ماسٹرنورحسین،ایس ترلوچن سنگھ وزیر ،دپندرکورصوبائی نائب صدورایس گردیپ سنگھ ساسن ،وجے لکشمی دتہ وپن پال شرما،بشیراحمدوانی، جگل مہاجن، چوہدری ہارون ،چوہدری لیاقت علی اورانل دھر، ستونت کورڈوگرہ صوبائی صدر،ایس ایس بنٹی اضافی ترجمان، صوبائی سیکریٹریز پردیپ بالی، دلشادملک، ریتاگپتا،دلجیت شرما،جی ایچ ملک جوائنٹ سیکریٹری ، عبدالغنی تیلی،شریک چیئرمین اوبی سی سیل ،وجے لوچن شریک چیئرمین ایس سی سیل، نارسنگھ صدرلیبرونگ ،افتخاراحمدچوہدری ،برگیڈیئرکے ۔کے لکھن پال وی ایس ایم ،دھرم ویرسنگھ جموال ضلع صدرجموں اربن،موہندرگپتاضلع صدرسانبہ ودیگران شامل ہیں۔ضلع صدوراوربلاک صدرنیشنل کانفرنس صوبہ جموں نے بھی مہلوک نیشنل کانفرنس لیڈران کی ہلاکت پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاہے۔نامعلوم اسلحہ برداروں کے حملے میں مارے گئے پرنسپل سکریٹری نذیر احمد وانی اور کارکن مشتاق احمد کے وحشیانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ذاتی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نے خود کو عوام کیلئے وقف رکھا تھا اور ہر وقت عوامی مسائل و مشکلات کا سدباب کرانے کی دوڑ دوپ میں مصروف رہتے تھے۔
جے ڈی اے کی انہدامی کاروائی مخصوص طبقہ کے خلاف :اصلاحی کمیٹی
انتظامیہ کے رویے میں تبدیلی نہ آئی تونتائج بھیانک ہوں گے
جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے سدھراکے بعدرگوڑہ میں ایک گوجربستی کوجے ڈی اے کی طرف سے انہدامی کاروائی کے دوران مسمارکرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔یہاں جاری پریس بیان میں گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاہے کہ سدھرامیں جے ڈی اے نے 80 کچے وپکے ڈھانچے تہس نہس کرنے کے بعدپھرکاروائی کرتے ہوئے رگوڑہ کی ایک گوجربستی کومسمارکیاہے جوکہ مخصوص طبقہ کے ساتھ دشمنی کی مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کاکام غریب عوام کے مسائل اورپریشانیوں کوکم کرناہوتاہے لیکن یہاں جموں کشمیرمیں گنگاالٹی بہہ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سدھڑاکے بعدرگوڑہ میں پھرسے جے ڈی اے حکام نے خانہ بدوشوں کی پوری بستی مسمارکردی ہے جوکہ افسوسناک ہے۔اخترچوہدری نے کہاکہ سرکاری تنگ نظری سے جموں کے مخصوص طبقے میں غم وغصہ بڑھ رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اگرجے ڈی اے نے مسلم طبقہ کے مخالف کاروائیوں کوبندنہ کیاتوجموں کے مسلمان سڑکوںپرآکرانتظامیہ کیخلاف اعلان جنگ کرنے پرمجبورہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی پالیسیاں مسلم کش ہیں ۔انہوں نے سرکارکوانتباہ دیاکہ اگرضلع انتظامیہ کے رویے میں تبدیلی نہیں آئی توپرامن مسلمان احتجاجی مظاہروں کاسلسلہ شروع کریں گے۔
گورنر ریاستی اعلیٰ تعلیم کونسل کے سربراہ ہوں گے
سرینگر //حکومت نے آر یو ایس اے کے تحت ریاستی اعلیٰ تعلیم کونسل کی تشکیل میں ترمیم لانے کو منظوری دی ہے۔جی اے ڈی کے ایک حکمنامہ کے مطابق گورنر ریاست کے وزیر اعلیٰ کی جگہ ریاستی اعلیٰ تعلیم کونسل کے چیئرمین ہوں گے جبکہ اعلیٰ تعلیم کے وزیر کی جگہ کونسل کے وائس چیئرمین گورنر کے مشیر(جی) ہوں گے۔حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے وزیر مملکت کے عہدے کو ریاستی اعلیٰ تعلیم کونسل سے خارج کیا جانا تصور کیا جائے گا۔
شیعہ فیڈریشن سیدامانت علی شاہ کی اہلیہ کی وفات پراظہاردُکھ
جموں//شیعہ فیڈریشن نے مقامی انجمن کے صدر سید امانت علی شاہ کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔ یہاں جاری ایک تعزیتی پیغام میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان و دیگر ارکان نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے مرحومہ کو نیک پرور اور صوم و صلواۃ کی پابند قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کی موت سے پیدا ہونے والا خلا پر نہیںہوسکے گا۔ انہوں نے مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
سکھ تنظیموں کابلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کااعلان
جموں//مختلف سکھ تنظیموں بشمول سکھ انٹلیکچول سرکل،انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن اورسکھ سٹوڈنٹس فیڈریشن نے مشترکہ طورپرفیصلہ لیاکہ وہ جموں وکشمیرمیں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، عام شہری ہلاکتوں ،سیاسی قیدیوں کی ہراسانی، دفعہ 35اے اورسکھوں کے ساتھ امتیازکے خلاف مجوزہ بلدیاتی انتخابات کابائیکاٹ کریں گے۔ سکھ تنظیموں کے لیڈران کااجلاس یہاں ایس نریندرسنگھ خالصہ کی قیادت میں منعقدہواجس میں جموں کشمیرکی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔مقررین نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں آناًفاناً میں بلدیاتی انتخابات کافیصلہ ہندوستانی حکومت کے جموں وکشمیرکی عوام کے تئیں غیرذمہ دارانہ رویے کی عکاسی کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیرمسئلہ کاحل ملٹری کے ذریعے نہیں ہوسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ دوعلاقائی سیاسی جماعتوں نے ریاست کے حالات کے پیش نظرانتخابات کابائیکاٹ کیاہے جس سے انتخابی عمل غیرمتعلق بن گیاہے۔اس دوران میٹنگ میں موجودہ سکھ لیڈران بشمول ایس راجندرسنگھ (کشمیر)، ایس رنجیت سنگھ ،ایس امن جوت سنگھ،ایس دویندرسنگھ ،ایس منموہن سنگھ ،سریندرسنگھ اورایس منجیت سنگھ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ ہندوپاک مذاکرات بحال کرکے جموں وکشمیرمسئلہ کاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعوام جموں وکشمیرکی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جموں وکشمیرمیں سکھ طبقہ زندگی کے ہرشعبے میں نظراندازہے اسی لیے بلدیاتی انتخابات سے دوراختیارکرنے کافیصلہ لیاہے اورہم مشترکہ آرایل قیادت کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔