بجلی کٹوتی و پانی کی عدم دستیابی
بیری پتن نوشہرہ میں لوگوں کا انتظامیہ مخالف احتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ بالخصوص بیری پتن علاقہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشان ہوکر مکینوں نے ضلع انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔کئی گھنٹوں تک مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جبکہ متعلقہ محکموں و ملازمین کی نااہلی کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔مظاہرین نے محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ کئی دنوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران سے رجوع کرنے کے باوجود بھی علاقہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی جارہی ہے ۔انہوں نے سیری بیری پتن کو ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے کہاکہ بیری پتن علاقہ میں پانی کی متعدد سپلائی سکیمیں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں جن کی وجہ سے عام لوگوں کو اس مشکل وقت میں پینے کے صاف پانی کیلئے کئی کلومیٹر کی پیدل مسافت طے کر کے گھنٹوں انتظار بھی کرنا پڑتا ہے ۔مظاہرین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں پانی و بجلی کی مناسب سپلائی کیلئے متعلقہ حکام کو متحرک کیا جائے جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
حد متارکہ کے جنگلات میں آگ بدستور جاری
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں کے جنگلات میں لگی آگ دوسرے دن بھی مسلسل جاری رہی جبکہ اس دوران کئی مزید علاقوں کو بھی آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پاکستانی زیر انتظامیہ کشمیر کی جانب سے لگی آگ نے گزشتہ دنوں حد متارکہ عبور کی تھی جس کے بعد سب ڈویژن مینڈھر کے کئی سرحدی جنگلات کو اپنی لپیٹ میںلے لیا ہے ۔انہوں نے بتایا گوہلد کے سرحدی علاقوں کے جنگلات میں لگی آگ کی وجہ سے درجنوں بارودی سرنگوں کے پھٹنے کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں جبکہ سینکڑوں سبز درخت جل کر راکھ ہوگئے ہیں ۔اس دوران جنگلی جانور اور پرندے آبادی والے علاقوں کا رخ کررہے ہیں جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا جارہاہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ آگ پر جلدازجلد قابو پایا جائے تاکہ سبز سونے کو بچایاجاسکے ۔
کالج کے گر لز ہوسٹل کی تعمیر 1برس سے بند
جاوید اقبال
مینڈھر //گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں زیر تعمیر گرلز ہوسٹل کا کام گزشتہ ایک برس سے بند پڑا ہو ا ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے عمارت کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مکینوںنے بتایاکہ گور نمنٹ ڈگری کالج میں زیر تعلی لڑکیوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکام کی جانب سے گرلز ہوسٹل کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا جبکہ عمارت کی ایک منزل پر لینٹر ڈالنے کے بعد دوسرے چھت کو مکمل ہی نہیں کیا گیا اور اب عمارت یوں ہی ایک برس سے پڑی ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مینڈھر ڈگری کالج میں مختلف علاقوں سے لڑکیوںکی ایک بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم حاصل کرتی ہے تاہم ہوسٹل سہولیا ت نہ ہونے کی وجہ سے ان کو کرائے کی مکانات میں رہائش حاصل کرنا پڑتی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گرلز ہوسٹل کی عمارت کی جلدازجلد تعمیر مکمل کر کے عمارت کو کالج انتظامیہ کے حوالے کیا جائے ۔
سڑک کی خستہ حالی کے خلاف درہال میں احتجاج
محمد بشارت
کوٹرنکہ //درہال علاقہ میں جانے والی سڑک کی انتہائی خستہ حالی کی وجہ سے تنگ آکر مکینوں نے متعلقہ تعمیراتی ایجنسی اور ضلع انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا ۔چوکیاں اے پنچایت کے سرینچ کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے کہاکہ سڑک کی تعمیرمیں مصروف کمپنی ٹی اے بی کی جانب سے تعمیر اتی عمل کئی عرصہ قبل شروع کیا گیا تھا لیکن اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سرپنچ کرامت ملک نے کہاکہ گزشتہ پانچ برسوں سے مذکورہ کمپنی سڑک کی تعمیر میں مصروف ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مین مارکیٹ اور چوکیاں سڑک کے پروجیکٹ کی کل تخمینہ لاگت 32لاکھ سے زائد ہے لیکن کمپنی کی جانب سے اس سڑک کو مکمل نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دیگر سڑکوں پر بلیک ٹاپ کی جارہی ہے تاہم اس سڑک کی تعمیر میں مصروف کمپنی ساز و سامان لے کر فرار ہو گئی ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چوکیاں سڑک کو جلدازجلد مکمل کروایا جائے نہیں تو اس سلسلہ میں ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا ۔
منڈی سڑک حادثے میں 2زخمی
عشرت حسین بٹ
منڈی// پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ اتولی میں جمعرات کی صبح ایک الٹو کارکو پیش آئے حادثے میں 2کمسن زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ اتوالی علاقہ میں ایک الٹو کار زیر نمبر 7832-JK12B حادثے کا شکار ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی کھڑی کی گئی تھی تاہم اس دوران دو کمسن گاڑی میں بیٹھے جنہوں نے گاڑی کی ہینڈ بریک نکال دی اور مذکورہ الٹو گاڑی خود بخود پیچھے کی جانب جا کر حادثے کا شکار ہو گئی ۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت اویس احمد ولد شوکت حسین سکنہ اتولی عمر سات برس اور عطف احمد ولد مشتاق احمد عمر 14برس سکنہ سرنکوٹ زخمی ہوگئے ۔ان زخمیوں کو مکینوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا گیا جہاں پر ان کا علاج معالجہ کیا جارہاہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر لیا ہے ۔
غلام حسین میر کے انتقال پرشیعہ فیڈریشن کا اظہار تعزیت
پونچھ//اراکین شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں و ضلع پونچھ نے مرحوم غلام حسین میر موضع پلیرہ ( حال کھوڑی نار) پونچھ کی وفات پے دکھ کا اظہار کیا۔ اس سانحہ پر فیڈریشن کے سرپرست اعلی' مولانا سید مختار حسین جعفری، صوبائی صدر الحاج عاشق حسین خان ،،صوبائی سنیئر صدر شیخ سجاد پونچھی ،نائب صدر محمد بشیر میر ، ضلع صدر الحاج جعفر حسین ونتو، ضلع جنرل سکریٹری نجم جعفری ،اصغر علی میر،انور حسین ونتو،سید شوکت حسین کاظمی ،سید ذکی حیدر کاظمی ،ڈاکٹر محمد رفیق حسین میر، شبیعہ الحسن وار ،سید انور حسین شیرازی، مولانا نظیر حسین جعفری،سید قلب عباس موسوی ،خورشید حسین جعفری ،سید مطلوب حسین جعفری ،سید تعظیم حسین جعفری،سید ذید حسین جعفری ،کفایت حسین صوفی ، شبیر حسین ڈار،عارف حسین میر،ارشاد حسین صوفی، کوثر حسین نقوی ، عشرت حسین بٹ ، ماسٹر عظمت حسین جعفری،فیاض آرزو حیاتپوری،احتشام محتشم، ڈاکٹر ذاکر حسین،ودیگران نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔