دھوکہ دہی میں ملوث شخص گرفتار
نیوز ڈیسک
جموں //کرائم برانچ جموں نے دھوکہ دہی میں ملوث ایک شخص کر گرفتار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق کرائم برانچ نے 2014میں سدھرا جموں میں جے ڈی اے زمین کی جعلی این او سی جاری کرنے کے سلسلہ میں درج کیس زیر ایف آئی آر نمبر 22/2014میں ملوث تھا ۔مذکورہ ملزم کی پہچان غلام قادر ولد عبدالستار سکنہ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے ۔کرائم برانچ کے مطابق ملزم معاملہ درج ہو نے کے بعد مفرور تھا لیکن گرفتاری کے بعداسے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کردیا گیا ہے ۔
پینتھرز کارکنوں کا وزیر داخلہ کی رہائش کے سامنے احتجاج
سابق حکومت کے دورمیں بھرتی عمل کی سی بی آئی انکوائری کی جائے :ہرش دیو
نیوز ڈیسک
جموں //پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی مخلوط حکومت کے دوران میں مختلف محکموں کیلئے اختیارکئے گئے بھرتی عمل کی سی بی آئی انکوائری کی مانگ کر لے کر نیشنل پینتھز پارٹی کے کارکنوں نے مرکزی وزیر داخلہ کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کیا ۔پارٹی چیئر مین اور سابقہ ریاستی وزیر ہرش دیو سنگھ اور پینتھرز پارٹی کے ریاستی صدر یشپال کنڈل کی قیادت میں کئے گئے احتجاج کے دوران مظاہرین نے پی ڈی پی اور بھاجپا کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مانگ کی کہ سابقہ حکومت کے چار برسوں کے دوران اختیار کئے گئے بھرتی عمل کی سی بی آئی جانچ کروا کر سچائی کو سامنے لایا جائے ۔مظاہرین نے کہا کہ ریاست میں سابقہ مخلوط حکومت کے دور میں رشوت خوری اور بد عنوانی کو مبینہ طورپر بڑھاوادیا گیا جس کی وجہ سے ریاست اقتصادی طور پر کمزور ہو چکی ہے اورعام لوگوں کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مظاہرین نے مرکزی وزیر داخلہ کو اس سلسلہ میں ایک یاداشت بھی پیش کی ۔اس موقعہ پر ہرش دیو سنگھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی حکومت گرنے کے بعد کئی اسکینڈل پر اسکینڈل سامنے آرہے ہیںجن میں انشورنس ،پاور پروجیکٹ اور بھرتی عمل میں سیاسی مداخلت جیسے معاملات قابل ذکر ہیں ۔انہوں نے کہاکہ رشوت خوری کی وجہ سے پبلک سروس کمیشن اور سروسز سلیکشن بورڈ کی شفافیت پر سوالات کی وجہ سے ریاستی بے روز گار نوجوانوں میں مایوسی پید اہو چکی ہے ۔ہرش دیو سنگھ نے کہاکہ نہ صرف جموں و کشمیر بینک بلکہ دیگر کئی شعبوں میں شفافیت اور احتساب کا فقدان ہے ۔انہوںنے چور دروازے سے تعیناتیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مختلف محکموں میں 2014میں ڈیلی ویجروں کی کل تعداد61ہزار تھیں لیکن2017میں مخلوط حکومت کے دور میں ان عارضی ملازمین کی تعداد 1لاکھ دس ہزار تک پہنچ گئی ۔اسی طرح محکمہ ایجوکیشن ،ہیلتھ وغیرہ میں بھی غیر قانونی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں جن کی جانچ کر نے کی اشد ضرورت ہے ۔احتجاج میں سدیش ڈوگرہ ،گگن پرتاپ سنگھ ،شانتی دیوی ،راج کماری ،وید پرکاش ودیگران شامل تھے ۔
۔ 112 کلو ممنوعہ پوست کیساتھ 1گرفتار
یو این آئی
جموں // جموں وکشمیر کے ضلع ادھم پو ر میں ہفتہ کے روزپولیس نے ایک ڈرائیور کو 112 کلوگرام ممنوعہ پوست کے خوشوں (خشخاش) سمیت گرفتار کر لیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے پرادھم پور پولیس نے جموں وکشمیر قومی شاہراہ پر جکھینی کے مقام پر ناکہ بٹھایا جہاں سری نگر سے جموں کی طرف آرہی پنجا ب نمبر والی مہندرا بلیرو گا ڑی کو روکا گیا۔ چیکنگ کے دوران گاڑی سے 112 کلو گرام ممنوعہ پوست کے خوشے (خشخاش )ضبط کئے گئے ۔پولیس نے پوست کے خوشوں ضبط کر کے ڈرئیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا ہے ۔ڈرئیور کی شناخت پریم چند ولد رام کیول ساکن موہالی پنجاب کے طور پر ہوئی ہے ۔اس ضمن میں پولیس نے پولیس نے این ڈی پی سی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے ۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے جموں اکھنور روڈ پر وجیکٹ کا جائزہ لیا
جموں//ضلع ترقیاتی کمشنر نے جموں اکھنور سڑک کو چہار گلیار بنانے کے پر وجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیا ۔اس دوران ڈی سی جموں نے محکمہ مال کے اعلیٰ آ فیسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ پروجیکٹ کی عمل آوری کے سلسلہ میں تمام زمینی معاملات کو جلداز جلد حل کریں ۔انہوں نے جموں اکھنور سڑک کو سب سے مصروف ترین شاہراہ قرار دیتے ہوئے تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت جاری کیں کہ تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے تاکہ اس کو جلداز جلد مکمل کیا جاسکے ۔ڈی سی نے ٹریفک انتظامیہ کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ جاری کام کے دوران ٹریفک کیلئے معقول انتظامات کریں تاکہ مسافروں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جموں اکھنور ،راجوری پونچھ شاہراہ کو 2015میں NH-144-Aکا درجہ دیا گیا تھا جس کو چار گلیارہ بنانے کیلئے وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج سے 5100کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔اس دوران ڈی سی کے ہمراہ ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ،ایس ایس پی ٹریفک جنرل منیجر NHIDCLومحکمہ مال کے اعلیٰ آفیسران بھی تھے ۔
کٹھوعہ میں’ سوچھتا ہی سیوا ‘پر سمپوزیم
نیوز ڈیسک
جموں //ضلع انفارمیشن سنٹر کٹھوعہ کی جانب سے ’سوچھتا ہی سیو ا‘پر ایک سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا ۔گور نمنٹ مڈل سکول کٹھوعہ میں منعقدہ اس سمپوزیم میں مختلف کلاسوں کے طلباء نے پروگرام کے عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے اراکین نے ’سوچھتا ہی سیوا ‘مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہااس مہم کو مہاتما گاندھی کے خواب’صاف ستھرا ہندوستان ‘ کو پورا کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔اپنے خطاب میںڈسٹر کٹ انفارمیشن آفیسر پرشوتم داس شرما نے کہا مذکورہ مہم کے سلسلہ میں سماج کے ہرایک فرد کو بیدار ہو نے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو صاف ستھرا بنانے کا ہدف پورا کیا جاسکے ۔انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ سماج کو بیدار کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔سمپوزیم میں سندیپ نے پہلی جبکہ بپویس اور وکرنت نے دوسری او ر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
ڈی سی کٹھوعہ نے آیوشمان بھارت رتھ کو ہری جھنڈی دکھائی
نیوز ڈیسک
کٹھوعہ //ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ نے آیوشمان بھارت رتھ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔آیوشمان بھارت کے تحت منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جاب سے صحت شعبہ میں پردھان منتری جن اریگیا یوجنا کے عنوان سے سب سے بڑی اسکیم شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکیم کو ضلع میں لاگو کرنے کیلئے شہری علا قوں سے 5789اور دیہی علا قوں کے 29792کنبوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ وضع کئے گئے زمرے کے تحت ان کو فائدہ پہنچایا جاسکے ۔سکیم کا ہر ایک فرد کو فائدہ پہنچانے کیلئے ضلعی ہسپتال کیساتھ ساتھ ہر ایک سی ایچ سی ہسپتال میں میڈیکل کو آرڈینٹر مقر ر کیا جائے گا ۔میڈیکل آفیسر کٹھوعہ ڈاکٹر اشوک چوہدری نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا آیوشمان بھارت کے سلسلہ میں مزید اطلاع موصول کرنے کیلئے ٹول فری نمبرات کو دستیاب رکھا جا ئے گا ۔اس موقعہ پر دیگر اعلیٰ آٖفیسران بھی موجود تھے ۔
پنچایتی انتخابات 2018
پہلے مرحلے میں 518امیدوارانتخابی میدان میں
نیوز ڈیسک
کٹھوعہ //ضلع کٹھوعہ میں پہلے مرحلے کے تحت ہونے والے پنچایتی انتخابات 2018میں مجموعی طور پر 518امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ذرائع کے مطابق ضلع میں پہلے مرحلے کے تحت بلاک بنی اور دگون میں ہونے والے پنچایتی انتخابات میں سرپنچوں کیلئے 113اور پنچوں کیلئے کل 405امیدوار میدان میں ہیں ۔ ان علا قوں میں 39پنچ اور 1سرپنچ بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں ۔ان دونوں بلاکوں میں پنچوں کی 168سیٹو ں جبکہ سرپنچوں کی 11نشستوں کیلئے امید وار انتخابی میدان میں ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کے عداد و شمار کے مطابق ضلع میں پہلے مرحلے کے انتخابات میں 30279ووٹر اپنے حق رائے دہندگی کا استعمال کرئینگے جن میں 16092مرد اور 14187خواتین ووٹر شامل ہیں ۔ان انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
ڈویژنل کمشنر نے جموں واکھنور کو خوبصورت بنانے کے منصوبے کا جائزہ لیا
نیوز ڈیسک
جموں //ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے جموں اکھنور شاہراہ پر خو بصورت بنانے کے منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے میٹنگ کا اہتمام کیا ۔اس میٹنگ میں جموں مونسپل کمشنر اروند کوتوال ،ڈائریکٹر فلوریکلچر ،چیف انجینئر ،ڈی ایف ائو سوشل فارسٹری ودیگر اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران متعلقہ محکموں کی جانب سے شاہراہ کو خوبصورت بنانے کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں ڈویژنل کمشنر کو جانکاری فراہم کی گئی ۔ڈویژنل کمشنر نے ڈائریکٹر فلوریکلچر کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا جموں شہر کیساتھ ساتھ جموں اکھنور شاہراہ کو بھی پلان میں شامل کیا جائے ۔میٹنگ کے دوران جموں شہرمیں شجر کاری مہم اور اس مہم کیلئے جگہوں کا تعین بھی کیا گیا۔