ڈوگرہ صدر سبھا کا سالانہ جنرل کونسل اجلاس 10نومبر کو
نیوز ڈیسک
جموں //ڈوگرہ صدر سبھا کی 114ویں سالانہ جنرل کونسل میٹنگ 10نومبر کو ٹیچر بھون گاندھی نگر میں منعقد کی جائے گی جس میں ریاستی گور نر ستیہ پال ملک اور ایم او ایس جنرل وی کے سنگھ کو مدعو کیا گیاہے ۔یہاں جاری ایک بیان میںکہا گیا ہے کہ ڈوگرہ صدر سبھا کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں دیگر ریاستیوں کیساتھ ساتھ بیرون ملک رہائش پذیر ڈوگروں کی ایک بڑی تعداد شرکت کر سکتی ہے ۔اس اجلاس میں ریاست جموں و کشمیرمیں ڈوگروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کے بعد ریاستی گور نر کو ایک یاداشت بھی پیش کی جائے گی ۔اجلاس کے دوران مختلف کھیلوں و دیگر شعبوں میں بہترین کار کر دگی کا مظاہرہ کر نے والے افراد کو انعامات سے بھی نوزا جائے گا ۔ بیان میں ڈوگرہ صدر سبھا نے حالیہ دنوں میں ضلع کشتواڑ میں دو بھائیوں کی ہوئی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مانگ کی ہے کہ لواحقین کو انصاف دلایا جائے اور ملوث مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔
دیوالی سے قبل بڑی براہمناں میں مارکیٹ چیکنگ
نیوز ڈیسک
جموں //دیوالی کے پیش نظر سانبہ انتظامیہ کی جانب سے بڑی براہمنان میں مارکیٹ چیکنگ عمل میں لائی گئی جس کے دوران مجموعی طور پر 20700روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ کی ہدایت پر ترتیب دی گئی مارکیٹ چیکنگ ٹیموں نے اپنی کاروائی کے دوران مٹھائیوں ،اشیاء خوردنی اور سبزیوں و میوہ جات کے معیار کی جانچ کی جس دوران قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث دکانداروں کو جرمانہ کیا گیا۔مارکیٹ چیکنگ ٹیم نے دکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ اشیاء خوردنی کی فہرستوں کو چسپاں کیا جا ئے ۔ٹیم نے انتباہ دیاکہ ناجائز منافع خوری اور دیگر قوانین کی خلاف ور زی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آیور ویدک میڈیکل کالج نے دیو نتری جینتی منائی
نیوز ڈیسک
جموں //گور نمنٹ آیورویدک میڈیکل کالج نے دیونتری جینتی کے موقعہ پر نیشنل’ ایورویدک ڈے‘ منایا ۔اس موقعہ پر طلباء و منتظمین کی جانب سے ایک تمدنی پروگرام منعقدکیا گیا تھا ۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے BAMSکی پرنسپل پروفیسر سندنارینہ نے یہ دن منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہاکہ آیور ویدک نظام میں پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کر لی ہے اور اسی کے تحت ہی یوگا کا عالمی دن مجموعی طور پر 140سے زائد ملکوں میں منایا جا تا ہے ۔پرنسپل نے کہاکہ اس وقت دنیامیں کئی ایک ایسی بیماریاں ہیں جن کا علاج صرف آیور ویدک طریقہ کار سے ہو سکتا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس سے قبل دیونتری جیتی کا ہی دن منایا جا تا تھا لیکن مرکزی وزرات برائے آیوش نے 2016سے مذکورہ دن کو نیشنل ایور ویدک ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ۔پروگرام کے دوران طلباء نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر نے کیساتھ ساتھ پروگرام کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا ۔
ڈی سی نے عید میلاد النبیؐ اور پرکاش اتسو کے انتظامات کا جائزہ لیا
نیوز ڈیسک
جموں //ضلع ترقیاتی کمشنر جموں نے عیدمیلاد النبی ؐاور پرکاش اتسو کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔محکمہ پی ایچ ای ،بجلی اور میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا جائز لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عوام کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس سلسلہ میں منعقد ہوئی میٹنگ میں آفیسران کے علاوہ مسلم و سکھ نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران مساجد اور گورو دواروں کے ارد گرد صفائی ستھرائی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیکورٹی کا معقول بند وبست کیا جائے ۔ڈی سی نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ طبی سہولیات کو دستیاب رکھا جائے ۔میٹنگ کے دوران انہوں نے آیوشمان بھارت اسکیم کی عمل اوری ودیگر اسکیموں کے سلسلہ میں متعلقہ آفیسران سے جانکاری حاصل کر تے ہوئے کہاکہ مذکورہ اسکیموں کو صاف و شفاف طرز عمل سے لاگو کرنے کیلئے اقدامات اٹھا ئے جائیں ۔
دربار موو 2018
سیکرٹری قانون ساز کونسل نے دفتری عمل کاجائزہ لیا
جموں //جموں میں موو دفاتر کھلنے کے سلسلے میں سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز کونسل عبدالمجید بٹ نے سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل اشفاق احمد وانی کے ہمراہ کونسل سیکرٹریٹ کے احسن کام کاج کے تعلق سے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ سیکرٹری موصوف نے کونسل کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور وہاں عملے کے ساتھ بات چیت کر کے انہیں دی جا رہی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملازمین کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ بعد میں سیکرٹری نے کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران اُن پر زور دیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔ ممبر قانون ساز کونسل رومیش ارورہ ، ڈپٹی سیکرٹری عبدالرشید کالس ، منی کول اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔
وجے کمار نے انتظامی سیکرٹریوں کے دفاتر کا دورہ کیا
جموں //سرمائی دارالخلافہ جموں میں دربار موو دفاتر کھلنے کے پہلے دن آج گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے سول سیکرٹریٹ میں انتظامی سیکرٹریوں کے دفاتر کا دورہ کیا ۔ ڈائریکٹر اسٹیٹس طارق گنائی اور کئی دیگر افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران مشیر موصوف نے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور جموں میں دفاتر کے احسن کام کاج کو یقینی بنانے کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔
جموں میں اسمبلی سیکرٹریٹ کا کام کاج شروع
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے انتظامات کا جائزہ لیا
جموں //ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ اور ڈپٹی سپیکر نذیر احمد خان گریزی نے جموں میں اسمبلی سیکرٹریٹ کھلنے کے بعد ملازمین کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے اسمبلی کے مختلف شعبوں کا معائینہ کر کے کام کاج کو احسن طریقے پر چلانے کیلئے کئے گئے اقدامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے مختلف شعبوں کے سربراہوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران ملازمین سے تلقین کی کہ وہ لگن اور تندہی سے کام کریں ۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے نئے اسمبلی کمپلیکس پر جاری تعمیراتی کام اور ایم ایل اے ہوسٹل میں دستیاب سہولیات کا بھی جائیزہ لیا ۔ اس سے قبل اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا استقبال کیا ۔ ارکانِ قانون سازیہ رویندر رینہ ، دینا ناتھ بھگت ، سیکرٹری اسمبلی آر ایل شرما اور دیگر افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔
محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کاجموں میں کام کاج شروع
ناظم اطلاعات نے آفس کمپلیکس کا معائینہ کر کے محکمہ کے کام کا جائزہ لیا
جموں//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ طارق احمد زرگر نے آج محکمہ کے آفس کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں دفتر کھلنے کے بعد محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں نریش کمار ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( اے وی) راکیش دوبے ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( سینٹرل) پروین کمار ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( پی آر ) جموں میناکسی وید ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( ہیڈ کوارٹر) پرینکا بھٹ اور محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر ڈائریکٹر کے ہمراہ تھے۔ناظم اطلاعات نے ڈائریکٹوریٹ اور جوائنٹ ڈائریکٹر دفتر جموں کے مختلف شعبوں کا معائینہ کر کے عملے کے ساتھ بات چیت کی۔انہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ دفتر کے ریکارڈ کے مناسب رکھ رکھائو کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فائلوں اور ریکارڈ کی ٹریکنگ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائیں۔بعد میں انہوں نے ایک میٹنگ کے دوران مختلف شعبوں کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ڈائریکٹر نے محکمہ میں موجود انسانی وسائل اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر ڈھنگ سے بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے کام کاج کے لئے لازمی ہے کہ وہ حکومت کے پروگراموں اور سکیموں کے بارے میں وقت پر جانکاری لوگوں تک پہنچائیں۔اشتہاری سیکشن کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر موصوف نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ تشہیر کے لئے بھیجے جانے والے اشتہار ات کو محکمہ کی ویب سائٹ پر ہفتہ وار بنیادوں پر اَپ لوڈ کیا کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس سیکشن میں عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ مشتہر ہوئے اشتہارات کی بِلوں کو وقت پر ویریفائے کیا جائے اور رقومات کی بروقت ادائیگی ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ عملے کی کمی اور دیگر معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔
دیوالی کے پیش نظر پٹاخوں کی خریداری زوروں پر
کیف حسن زیدی
جموں//جموں میں دیوالی کے تہوار کے پیش نظر پٹاخوں کی خریداری زوروں پر ہے اور بچوں اور نوجوانوں کو جگہ جگہ پٹاخے خریدتے دیکھاجاسکتاہے۔کئی جگہوں پر دیوالی سے قبل ہی پٹاخے سرکائے جارہے ہیں۔جموں کے بیشتر علاقوں میں پٹاخوں کے سٹال لگے ہوئے ہیں جہاں ان کی خریداری عروج پر ہے۔جہاں دیگر دکانداروں اور کاروباریوں نے اپنے سامان کو سجارکھاہے وہیں پٹاخے والے بھی کسی سے پیچھے نہیں اور انہوں نے بھی اپنی دکانوں اور ریڑھیوں کو خریداری کیلئے سجایاہواہے جن کی ان دنوں خوب بکری ہورہی ہے ۔جموں میں سب سے زیادہ سٹال مہاراجہ گلاب سنگھ مارگ جموں کے سامنے لگے ہوئے ہیں جہاں پٹاخے خریدنے والوں کابھاری رش ہے۔پہلے یہ دکانیں پریڈ گرائونڈ جموں میں لگائی جاتی تھیں لیکن بھاری رش کی وجہ سے مختلف بازاروں میں سے نکلنے کے راستے تنگ ہوجاتے تھے اور ٹریفک جام لگنے لگتے تھے جس کو دیکھتے ہوئے اب یہ مہاراجہ گلاب سنگھ مارگ پارک جموں کے سامنے سجتی ہیں۔ایک دکاندار نے بتایاکہ اس کا کاروبار اچھا چل رہاہے اور پٹاخوں کی خوب خریداری ہورہی ہے ۔ اس کاکہناتھاکہ اسے امید ہے کہ آج یعنی منگل کو زیادہ گراہک آئیںگے ۔