ژالہ باری سے متاثرہ بجلی ترسیلی لائنوں کی مرمت
پاور گرڈ کے فوری اقدامات کے نتیجے میںبجلی سپلائی بحال
نئی دہلی//3 نومبر 2018 کی شام اور 4 نومبر 2018 کی صبح کے وقت جموں وکشمیر میں زبردست ژالہ باری ہوئی تھی ،جس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں بجلی کی سپلائی کی عام صورتحال متاثر ہوئی تھی، تاہم پاور گرڈ کی جانب سے کی گئی فوری کارروائی کے نتیجے میں بجلی کی یہ سپلائی بحال ہوگئی ہے اور فی الحال جموں وکشمیر ریاست میں 1600 میگاواٹ نارمل لوڈ کی بجلی کی ضرورت کی تکمیل کی جارہی ہے۔جموں وکشمیر کے متعدد علاقو ں میں زبردست ژالہ باری کے نتیجے میں ریاست میں عام زندگی پر اثر پڑا تھا اور عوام کو وادی میں پاور بریک ڈاؤن کی صورتحال کا سامنا تھا۔دونوں پاور گرڈ ترسیلی لائنیں 400 کلوواٹ کی ڈبل سرکٹ نیو وان پوہ – کشن پور اور 400 کلوواٹ کی ڈبل سرکٹ نیو وان پوہ – وا گورہ ،4 نومبر 2018 کی صبح تعطل کا شکار ہوگئی تھیں ،جیسے ہی یہ تعطل نوٹس میں آیا ، پاور گرڈ کی جانب سے فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی گئی اورتقریباََ آدھے گھنٹے کے اندر ،پاور گرڈ کی تمام تر لائنوں میں بجلی کی سپلائی بحال ہوگئی۔ژالہ باری کے دوران تین جے پی ڈی ڈی لائنیں یعنی 132 کلوواٹ کی میربازار –کل گام ، 132 کلوواٹ کی میر بازار – لیزر ، 132 کلوواٹ کی لسّی پور ہ- شوپیان کی ترسیلی لائنیں ٹاوروں کی ناکامی کی وجہ سے متاثر ہوگئیں۔مقامی سطح پر ترسیلی لائنوں کی بحالی جے کے پی ڈی ڈی اور پاور گرڈ نے مشترکہ طورپر انجام دیں۔ اپنی جانب سے پاورگرڈ کی فوری بحالی کے لئے درکا ر تمام تر امداد اور تعاون اور ماہر امدادی قوت فراہم کررہا ہے اور اس نے ہنگامی حالات بحالی نظام بھی تعینات کردیا ہے۔ اب پوری وادی میں بجلی دستیاب ہے اور متاثرہ جے کے – پی ڈی ڈی ترسیلی لائنوں کی سرگرمی سے مرمت کی جارہی ہے۔
برفباری سے متاثرہ علاقوں میں خدمات بحال کی جائے :آخون
جموں//نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈر محمدسعیدآخون نے وادی کے باغات مالکان کوژالہ باری سے ہوئے نقصانات اور وادی کشمیرکے مسافروں کوقومی شاہراہ پرپسیاں گرآنے کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں پرتشویش کااظہارکیاہے۔اس سلسلے میں محمدسعیدآخون نے صوبائی صدردویندرسنگھ راناسے ملاقات کی اورتوقع کی کہ وہ اس اہم مسئلے کو انتظامیہ کے ساتھ زیربحث لاکرانتظامیہ پرہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ٹھوس ومربوط لائحہ عمل تیارکرنے پرزوردیں گے تاکہ باغات مالکان اورمسافروں کودرپیش مشکلا ت کاازالہ ہوسکے۔آخون نے کم برفباری کے دوران بجلی اورپانی سپلائی منقطع ہونے پربھی گہری تشویش ظاہرکی ہے اورانتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ لوگوں کوبنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ وادی کے تیل بل، بٹ پورہ پائین، بٹ پورہ بالاوغیرہ میں پانی اوربجلی کی شدیدقلت پائی جارہی ہے جس سے لوگ پریشان ہیں ۔انہوں نے فوری طورپربنیادی سہولیات فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے باغات مالکان کوژالہ باری سے ہوئے نقصانات کاتخمینہ لگانے کیلئے بھی اقدامات اٹھانے پرزوردیااورمتاثرہ کنبوں کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہرکی۔انہوں نے راجوری کے ایک کنبہ جس کاایک بچہ پسی گرآنے کی وجہ سے ہلاک ہوگیاکے ساتھ دلی ہمدردی کااظہارکیا۔
برفباری میں پھنسے تین افرادبچالئے گئے
وویک ماتھر
جموں//جموں وکشمیرپولیس نے گزشتہ چاردنوں سے ضلع کٹھوعہ کی تحصیل بنی کے ڈگن علاقہ میں برفباری میں پھنسے تین افرادکوبچانے کادعویٰ کیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق تین افرادبشمول راکیش شرما اورگنیش شرما ولد اتم چندساکن چلوگ بنی جوکہ دونوں بھائی ہیں اورباسوولداوم پرکاش ساکن مہان پور نے نوکنالی ماتاشرائن پرعقیدت مندوں کیلئے فوڈاینڈلاجمنٹ فیسلٹیشن سنٹرقائم کیاتھاجوکہ 5نومبرسے شروع کیاتھالیکن اچانک برفباری ہونے کی وجہ سے اس میں پھنس گئے ۔ذرائع نے بتایاکہ علاقہ میں 6-7فٹ برف جمع ہوگئی تھی ۔اس سلسلے میں جب پولیس کواطلاع ملی توپولیس چوکی ڈگن بنی کی ایک ٹیم انچارج چوکی ،ہیڈکانسٹیبل نریش کمار نے مقامی نوجوانوں کے تعاون سے بچائومہم شروع کی اوربالاخرتین افرادکوموت کے منہ سے نکال لیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ بچائوآپریشن پرسول وپولیس انتظامیہ نے قریبی نگاہ رکھی ہوئی تھی اورانسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہرممکن کوشش کی گئی۔انہوں نے کہاکہ پولیس چوکی انچارج اورمقامی نوجوانوں کی کاوشیں صدلائق تحسین ہیں۔
ڈی سی جموں کا لاڈلی بیٹی سکیم کی عمل آوری پرزور
۔582 کیس منظور، عوام کوبیدارکرنے پرزوردیا
جموں//ضلع ترقیاتی کمشنر جموں رمیش کمارکی صدارت میںافسران کی ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں ’لاڈلی بیٹی سکیم کی پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔اس دوران میٹنگ میںاے ڈی ڈی سی ثریا جبین،چیف پلاننگ آفیسرگردھاری لال شرما، ڈسٹرکٹ پروگرام افسرآئی سی ڈی ایس نتاشا کلسوترہ ،سی ڈی پی اوگاندھی نگر،آرایس پورہ اورڈنسال کے علاوہ دیگرسینئرافسران موجودتھے۔میٹنگ کے دوران لاڈلی بیٹی سکیم کے تحت 2015سے زیرالتوا پڑے 582 کیسوں کومنظوری دی۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے کہاکہ سکیم کامقصد بچوں کی صحت مندشرح کویقینی بنانا،بچیوں کومالی امدادفراہم کرنااوربچیوں کے پیدائش سے لے کرجوان ہونے تک حقوق کاتحفظ یقینی بنانااورفائنانشل سیکورٹی یقینی بناناہے۔رمیش کمارنے سی ڈی پی اوز پرزوردیاکہ وہ لوگوں کولاڈلی بیٹی سکیم کے بارے میں جانکاری دے کراس کی صدفیصدعمل آوری یقینی بنائی جائے۔اس دوران ڈی ڈی سی نے آئندہ کے لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے ماہانہ میٹنگ منعقدکرنے پرزوردیاتاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سکیم سے مستفیدہوسکیں۔
گورنر،صلاحکاروں ،نیشنل کانفرنس اورپنتھرس پارٹی نے
دیوالی کے موقعہ پر عوام کومبارکباد پیش کی
جموں/گورنر ستیہ پال ملک نے ریاستی عوام کو روشنیوں کے تہوار دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن ، خوشحالی اور ترقی کی نوید لے کر آئے گا۔اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ یہ تہوار برائی اور جھوٹ پر اچھائی اور سچائی کی جیت کا ایک پیغام لے کر آتا ہے۔گورنر نے امید ظاہر کی ہے کہ اس تہوار سے ریاست میں فرقہ وارانہ رواداری اور بھائی چارہ کی روایات مزید مستحکم ہوں گی جس کے لئے ریاست کے صدیوں سے جانے جاتے ہیں۔جموں/ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاست کے لوگوں کو روشنیوں کے تہوار دیوالی کی مبارک باد دی ہے۔مبارک بادی کے ایک پیغام میں خورشید احمد گنائی نے ریاستی عوام کی خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے امیدظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ترقی اور امن کی نوید لے کر آئے گا۔علاوہ ازیںگورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار نے ریاست کے عوام کو دیوالی کی مبارک باد دی ہے۔اپنے پیغا م میں مشیر موصوف نے کہا ہے کہ ریاست میں سبھی تہوار امن اور بھائی چارے کے ماحول میں منائے جاتے ہیں اور جس کے لئے ریاست کو صدیوں سے جانا جاتا ے۔انہوں نے ریاست اور ملک میں امن اور بھائی چارے کی دُعاکی ہے۔دریں اثناگورنر کے مشیر بی بی ویاس نے ریاستی عوام کو روشنیوں کے تہوار دیوالی کے موقعہ پر مبارک باد دی ہے۔ مبارک بادی کے اپنے پیغا م میں مشیر موصوف نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں ہر تہوار امن اور بھائی چارے کے ساتھ منایا جاتا ہے جس کے لئے ریاست کو صدیوں سے جانا جاتا ہے۔ بی بی ویاس نے ریاست اور ملک میں امن و بھائی چارے کی دُعاکی ہے۔جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ملک خصوصاً ریاست کے تینوں خطوں میں رہائش پذیر ہندوبرادری کو دیوالی کے تہوار پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تہوار ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ اخوت، انسانیت، پیار و محبت میں زندہ رہنے کا درس دیتے ہیں ارو خاص کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ میں زندگی گزارنے کی راہ دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگوں کے یہ تہوار ریاست کی خوشحالی، امن و امان کی سوگات لائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاست کے تینوں خطوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ صدیوں کے بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور آپسی رواداری کی مشعل کو ہمیشہ فروزاں رکھنے کیلئے دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، ویوندر سنگھ رانااور اقلیتی سیل کے عہدیداران نے بھی دیوالی پر مبارکباد پیش کی ہے۔علاوہ ازیںنیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ، جنہوں نے امن مشن کے تحت 1967سے 1973تک موٹر سائکل سے پورے دنیا کا دورہ کیا ہے، تمام لوگوں کو روشنی کے اس تہوار دیوالی کی مبارکباد دی ہے۔پنتھرس سربراہ نے تمام کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دیوالی کی روشنی سے پوری دنیا میں خوشحالی آئے گی اور ہیروشیما سے لیکر برلن تک اور سویڈن سے لیکر جنوبی افریقہ تک پوری دنیا کے لوگوں کو ان کی قومیت، ذات پات، رنگ اور مذہب کی تفریق کے بغیراتحاد و یکجہتی کاواضح پیغام جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ روشنی کا ایسا تہوا ر ہے جو پوری دنیا میں محبت ، دوستی اور امن کے ساتھ منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پنتھرس پارٹی تمام لوگوں کو روشنی پہنچانے اور نفرت اور تمام مسائل کو ختم کرنے کے مقصد سے قائم کی گئی تھی۔
سٹیٹ فاریسٹ ریسرچ انسٹی چیوٹ نے قومی آیورویدک دن منایا
جموں// سٹیٹ فاریسٹ ریسرچ انسٹی چیوٹ نے قومی آیورویدک دن منانے کے سلسلے میںآیورویدا،یوگا ،سدھا،ہومیوپیتھی۔ انڈین سسٹم آف میڈیسن پرمبنی مقامی روایات کی بازیابی اوربحالی کیلئے ایک سیشن کااہتمام کیا۔اس دوران ڈائریکٹر ،انڈین سسٹم آف میڈیسن نے آیورویدک طریقہ علاج کی افادیت بیان کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں تاریخ سے پتہ چلتاہے کہ ادویاتی پودوں اورآیورویدک طریقہ علاج کاانسانی صحت کے ساتھ کیارشتہ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ سٹیٹ فاریسٹ ریسرچ انسٹی چیوٹ ایک ہفتے کابیداری پروگرام ’فاریسٹ ٹری اوویئرنیس وویک ‘کاانعقاد 12 سے 17 نومبرکے دوران کررہاہے جس کے دوران عملہ ،شہریوں ،طلباء ،برڈ واچرس ،قدرت سے پیارکرنے والوں اورفول ہیلرس کوجنگلاتی پودوں کے بچائوکے بارے میں اہم جانکاری دی جائے گی۔کنزرویٹر آف فاریسٹس ،ریسرچ سرکل جموں نے ایکس سیٹواوران سیٹوکنزرویشن پرزوردیاکہ وہ تیزی سے ختم ہونے والے پودوں کی نسل کی نشاندہی کریں اورلوگوں کواس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیدارکریں۔جوائنٹ ڈائریکٹر ،ایس ایف آرآئی نے زوردیاکہ وہ ماحولیاتی توازن کوبرقراررکھنے کیلئے پرندوں اورجنگلاتی پودوں کے تحفظ کویقینی بنائیں۔اس دوران نائٹ فلاورنگ جیسمین (پرجیاجاٹ ) اورڈرم سٹک ٹرک سپیلنگ (سوانجنا‘کے علاوہ دیگرادویاتی پودوں کی اہمیت بھی بیان کی گئی۔
ڈی سی کٹھوعہ نے بال آشرم کے بچوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے
کٹھوعہ//ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ روہت کھجوریہ نے بال آشرم کادورہ کرکے وہاں رہائش پذیربچوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنرنے بچوں کومبارکبادپیش کی اورکہاکہ یہ تہواربرائی پراچھائی کی علامت ہے ۔انہوں نے بچوں میں موسم سرماکے لیے گرم ملبوسات تقسیم کیے اوران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس دوران ڈی سی نے انہیں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔انچارج بال آشرم نے بتایاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر بال آشرم کے بچوں کی رکھ رکھائوکیلئے بہتراقدامات کررہاہے۔اس موقعہ پر اے سی آرکٹھوعہ جتندرمشرا، اسسٹنٹ لیبرکمشنر،تحصیلدار محکمہ سماجی بہبودکے اہلکاران بھی موجودتھے۔