راجوری ضلع کے سرکاری دفاتر کا اچانک معائینہ
۔12دفاتر بند پائے گئے ،درجنوں ملازمین غیر حاضر
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں انتظامیہ کی جانب سے سرکاری دفاتر کا معائینہ کرنے کیلئے تشکیل کردہ ٹیموں کے اچانک چیکنگ کے دوران 12سرکاری دفاتر بند پائے گئے جبکہ اس دوران درجنوں ملازمین غیر حاضر پائے گئے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع بھر میں چیکنگ کے دوران 12سرکاری دفاتر بند پائے گئے جن میں تحصیل اور زونل سطح کے دفاتر بھی شامل ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے غیر قانونی طورپر ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ملازمین کو وجہ بتائو نوٹس جاری کردیاگیاہے ۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ درجن ملازمین غیر حاضر پائے گئے جن میں زونل ایجوکیشن آفیسر کوٹرنکہ کا دفتر بھی شامل ہے ۔ضلع میں بند پائے گئے دفاتر میں سب سے زیادہ شرح کوٹرنکہ سب ڈویژن کے دفاتر کی ہے جن میں کوٹرنکہ کا تحصیل سوشل ویلفیئر آفس ،محکمہ آبپاشی کا دفتر اور محکمہ باغبانی کا دفتر بھی شامل ہیں ۔اس کیساتھ ساتھ محکمہ صحت کا سب سنٹر راجپور بھاٹہ ،محکمہ بھیڑ پالن دفتر راجپور کمیلا ،تحصیل سپلائی آفس قلعہ درہال ،،محکمہ جل شکتی کا دفتر تھنہ منڈی ،کالا کوٹ میں محکمہ باغبانی کا دفتر ،تریاٹھ میں ویٹر نری کا دفتر ،تحصیل اینمل سب سنٹر ڈھوک بنیار اور سب سنٹر ڈھوک بنیار بھی شامل ہیں ۔ان کے علاوہ دیگر سرکاری ددفاتر میں تعینات ملازمین بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ۔انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کیخلا ف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔سوشل میڈیا پر صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازمین اپنی ڈیوٹی کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔
پتھر گرنے سے بی ایس ایف اہلکار لقمہ اجل
بختیار کاظمی
سرنکوٹ //مغل شاہراہ کے قریب پتھر گرنے آنے کی وجہ سے ایک بی ایس ایف اہلکار لقمہ اجل بن گیا ۔باڈرسیکورٹی فورس کا اہلکار پیر کی گلی کے قریب واقعہ پیر مرگ میں ایک پتھر گر آنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گیا ۔لقمہ اجل بننے والے بی ایس ایف اہلکار کی شناخت نثار حسین ولد حبیب اللہ سکنہ دھنور جرالاں راجوری کے طورپر ہوئی ہے ۔مرحوم بی ایس ایف کی 92ویں بٹالیں میں اپنی خدمات انجام دے رہا تھا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بی ایس ایف اہلکار اپنے اہل خانہ کے ساتھ پیر مرگ علاقہ میں ششماہی ہجرت کے سلسلہ میں تھا جہاں پر مذکورہ حادثہ رونما ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے مذکورہ اہلکار شدید زخمی ہوگیاجس کو قریب کے ایک طبی مرکز منتقل کیا گیا تھاہم ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا جس کے بعد لاش کو آخری رسومات کیلئے آبائی گائوں منتقل کیا گیا ۔
تحقیقاتی دستاویزات سوشل میڈیا پر لوڈ کرنے کا معاملہ
۔1شخص پر کیس درج ،پولیس اہلکار کیخلاف بھی کارروائی
سمت بھارگور
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں پولیس کی تحقیقاتی دستا ویزات سوشل میڈیاپر شائع کرنے کے سلسلہ میں ایک شخص پر کیس درج کر لیاگیا ہے جبکہ مذکورہ دستاویزات کا شائع کرنے میں معاونت کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ غیر قانونی طورپر پولیس کی تحقیقاتی دستاویزات رکھنے اور ان کو سوشل میڈیا پر لوڈ کرنے کے سلسلہ میں ایک شخص کیخلاف بدھل پولیس سٹیشن میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 93/2021 درج کرلیاگیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ملوث شخص کیخلاف کیس درج کرنے کے بعداس کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس پوسٹ خواص میں تعینات ایک پولیس اہلکار کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ نوٹس میں آرہا ہے کہ حال ہی میں کچھ افراد پولیس کے تحقیقاتی دستاویزات تک رسائی حاصل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پولیس کی دستاویزات کا فوٹو گراف لینے کیساتھ ساتھ ساتھ اس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش نہ کی جائے جبکہ اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
جاوید رانا نے منکوٹ تحصیل کا دورہ کیا
مینڈھر //این سی لیڈر او ر سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید رانا نے تحصیل منکوٹ کے سرحدی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مشکلات کا جائزہ لیا ۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں سرکاری سکولوں اور سڑکوں کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ محکمہ جل شکتی اور پی ڈی ڈی کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے مکینوں کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جاوید رانا نے کہاکہ مشکل وقت میں بھی سرحدی علاقوں کی عوام نے ملک کی مضبوطی میں ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میں لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کی جائیں ۔
نیلی حیات پورہ سڑ ک کی خراب حالت
مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کیخلاف احتجاج کیا
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے نیلی تا حیات پورہ سڑک کی خراب حالت کو لے کر مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کیخلاف احتجا ج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں جانے والی 7کلو میٹر سڑک پر ایک برس قبل ہی تار کول بچھائی گئی تھی لیکن غیر معیاری ساز و سامان استعمال کرنے پر اس وقت سڑک مکمل طورپر تباہ ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ نے فنڈز ہڑپنے کیلئے غیر معیاری کام کیا ہے جس کی وجہ سے اب مسافروں و ٹرانسپورٹرو ں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری کام کرنے والی ایجنسی کے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ لوگوں بالخصوص مریضوں کی آسانی کیلئے جلدازجلد سڑک پر دوبارہ سے تار کول بچھائی جائے ۔