ادھم پور//مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اور سیاحت اجے بھٹ نے ضلع اودھمپور کا ایک وسیع دورہ کیا اور شمالی ریلوے ادھم پور میں روز گار میلہ میں شرکت کی ۔ روز گار میلہ میںچیئر پرسن ڈی ڈی سی ادھم پور لال چند ، وائس چیئر پرسن ڈی ڈی سی جوہی منہاس پٹھانیہ ، ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سید خان ، بی ڈی سی چئیر مین بلوان سنگھ ، سابق قانون ساز پون گپتا ، اور ریلوے کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اس سلسلے میں ناردرن ریلوے ادھم پور میں ایک میگا فنکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی وزیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر روز گار میلہ میں نئے بھرتی ہونے والوں کو تقرری نامہ حوالے کئے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے نئے تقرر کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ مرکزی وزیر نے ان سے کہا کہ وہ اپنی ملازمت سے متعلق مختلف سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے مثبت سوچ کے ساتھ کام کریں اور محکمہ کی طرف سے تفویض کئے جانے والے کسی بھی قسم کے کاموں کیلئے ہمیشہ تیار رہیں ۔ مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع فراہم کرنے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی مسلسل عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع فراہم کرنے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعظم ہند کے مسلسل عزم کو پورا کرنے کی طرف یہ ایک اہم قدم ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہند نے وزیر اعظم کی قابل قیادت میں متعدد مرکزی سپانسر شدہ سکیمیں /فلیگ شپ پروگرام جیسے ڈیجٹل انڈیا ، سمارٹ سٹی مشن ، اٹل مشن برائے نوجوان اور شہری تبدیلی ، سب کیلئے مکانات ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی پروگرام شروع کئے ۔ روز گار کے مواقع پیدا کرنے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی طرف صنعتی راہداریوں نے بھی نمایاں تعاون کیا ہے ۔ اجے بھٹ نے مزید کہا کہ روز گار پیدا کرنے کے سلسلے میں حکومت کا ایک اور سنگ میل ملک میں 10 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنا ہے اور یہ ہدف مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔