پونچھ//پونچھ کی مرکزی جامع مسجد میں یکم رمضان المبارک سے بعد نمازِ ظُہر درسِ حدیثِ مبارکہ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جس میںمسجد کے امام و خطیب مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی مُختلف عناوین پر درس دیتے ہیں۔یہاں جاری بیان کے مطابق آج کے درسِ حدیث میں مولانا موصوف نے کہاکہ نبی پاک ؐنے شعبان المعظم کی آخری تاریخ میں اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمٰعین کو خُطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ’’ اے لوگو تمہارے اوپر ایک ایسا مہینہ سایہ فگن ہونے والاہے جس میں عام نیکیاں فرض کے برابر اور ایک فرض کا ثواب ستّر فرض کے برابر ہوجاتا ہے۔ یہ مہینہ صبر کا ہے اور صبر کا بدلہ جنّت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ مواسات کا مہینہ ہے اور اس کے معنی غمخواری کے ہیں۔ موصوف نے بتایاکہ غمخواری کا بہت بڑا اجر و ثواب ہے۔ اُنہوں نے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص کسی کی غم خواری کے لئے اپنے گھر سے نکلتا ہے تو اُسے ہر قدم کے بدلے میں نہ صرف تیس نیکیاں ملتی ہیں بلکہ اُس کے تیس گناہ معاف اور اُس کے تیس درجے بُلند ہوتے ہیں۔ موصوف نے روزہ دار کو افطار کرانے کے تعلق سے کہا کہ جو شخص کسی کا روزہ افطار کراتا ہے تو افطار کرانے والی کی گردن کو جہنم سے آزاد کر دیا جاتا ہے۔ موصوف نے بتایا کہ یہ ارشاد سماعت فرماکر صحابہ نے عرض کی کہ یا رسول اللہؐ ہم میں سے ہر آدمی تو اس کی استطاعت نہیں رکھتا تو اس کے جواب میں حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ یہ افطاری چاہے دودھ کی ایک گھونٹ سے ہو،پانی کی ایک گھونٹ سے ہو یا ایک کھجور سے اُسے بھی اس کا برابر ثواب ملے گا۔ موصوف نے کہا کہ یہ مہینہ خیرات و صدقات ، زکوٰۃ و عطیات دینے کا وہ مہینہ ہے جس میں ہر نیک عمل کا ثواب سات سو گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے لہذا اس مبارک ماہ میں ہمیں اپنے نادار عزیز و اقارب ، یتیموں و بیوائوںاور مذہبی اداروں کا ضرور تعاون کرنا چاہیے۔ درس میں شامل ہونے والے افراد ظہیر عباس، ریاض احمد، کامران خان، نظیر احمد، اعجاز الحسن، سیّد ندیم احمداور یاسر عطاری نے بتایا کہ درسِ حدیث کی برکت سے ہمیں متعدد چیزوں کے بارے میںمعلومات حاصل ہوئی ہیں جن کا ہمیںاس سے پہلے کوئی عِلم نہ تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ بعد از ماہِ رمضان بھی جاری رہا تو کثیر تعداد میںمُسلم عوام اسلام کے بُنیادی احکامات سے روشناس ہو سکتے ہیں۔