یو این آئی
امپھال// صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کے 11 اور 12 دسمبر کو منی پور کے مجوزہ دورے سے قبل سیکیورٹی فورسز نے حساس اضلاع میں سرچ آپریشن تیز کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جبکہ کئی انتہاپسند اور جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے بدھ کے روز یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ریاستی اور مرکزی فورسز نے صدر مرمو کے دورے کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی کارروائیاں شروع کی ہیں۔پولیس کے مطابق ایک روز قبل چوراچاند پور تھانہ علاقہ کے ہینگکاپکوٹ گاؤں کے جنگلاتی علاقوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ ضبط کیا گیا۔برآمد شدہ سامان میں ایک امپرووائزڈ مارٹر (جس میں ایکسپلوسِو انیشی ایشن سسٹم نصب تھا)، دو ہائی ایکسپلوسِو بم، ایک دھواں چھوڑنے والا ہتھ گولہ اور مختلف اسلحے کے 27 خالی خول شامل ہیں۔اس برآمدگی کو صدر کے دورے سے قبل ممکنہ خطرات کو ختم کرنے کے لیے ایک اہم پیشگی کارروائی تصور کیا جا رہا ہے۔جبکہ دہشت گردی مخالف آپریشن میں، سیکیورٹی اہلکاروں نے امفال ویسٹ کے لیمفل تھانہ حدود میں واقع لینگول لائم نائی علاقے سے بھتہ خوری میں ملوث ایک مجرم کو گرفتار کیا ہے۔