عبدالغنی کوہلی اورمیرظہور
سرینگر//وزیر برائے بھیڑ ، پشو پالن اور ماہی پروری عبدالغنی کوہلی اور وزیر مملکت برائے جنگلات میر ظہور احمد نے معروف صحافی اور رائیزنگ کشمیر اخبار کے ایڈیٹر انچیف سید شجاعت بخاری کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ وزراء نے کہا کہ شجاعت بخاری نے کشمیر میں صحافت کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا ہے اور صحافت کے میدان میں اُن کی خدمات اور راستگوئی کیلئے یاد کیا جائے گا ۔ وزراء نے بخاری کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی جنہیں بارہ مولہ ضلع کے کریری پٹن کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا ۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا ۔
تصدق مفتی
سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے سینئر صحافی اور رائیزنگ کشمیر کے ایڈیٹر انچیف شجاعت بخاری کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ تصدق مفتی نے کہا کہ شجاعت بخاری امن و شانتی کے علمبردار تھے ۔ انہوں نے اپنی قلم سے لوگوں کے مسائل ابھارنے اور انہیں حل کرانے کیلئے تمام تر کوششیں انجام دیں اور اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے بھی وہ کبھی بھی عوامی خدمات سے نہیں چوکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقع سحافت پر ایک حملہ ہے جس کیلئے ہم سب دُکھ کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بہادر سحافی کو عید سے ایک دن پہلے سپردِ خاک کیا گیا ۔ اس سانحہ میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت بھی قابلِ مذمت ہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی ارواح کی ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔
خلیل بندھ
زراعت کے وزیر محمد خلیل بندھ نے معروف صحافی اور روز نامہ رائیزنگ کشمیر کے مدیر اعلیٰ سید شجاعت بخاری کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ بخاری اپنے پیشہ وارانہ صحافتی صلاحیتوں کیلئے ہمیشہ یاد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی ہلاکت سے کشمیرکے صحافتی حلقے میں ایک خلاء پیدا ہوا ہے جسے مستقبل قریب میں پُر کرنا ناممکن ہے ۔ انہوں نے غمزدہ کنبے سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔
ڈاکٹرنرمل سنگھ
جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے معروف صحافی اور روز نامہ رائیزنگ کشمیر کے مدیر اعلیٰ سید شجاعت بخاری کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ شجاعت بخاری کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے اس حرکت کو ایک بزدلانہ حرکت سے تعبیر کیا ۔ ایک تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر نرمل سنگھ نے سوگوار کنبے سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔
پروفیسر امیتابھ مٹو
سرینگر//وزیراعلیٰ کے صلاحکارپروفیسر امیتابھ مٹونے معروف صحافی و روز نامہ رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر انچیف سیدشجاعت بخاری کے بیہمانہ قتل کو’آسمانِ صحافت کے ایک درخشتاں ستارے سے محرو م قرار دیتے ہوئے اس قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہاہے کہ یہ حملہ جمہوریت کے چوتھے ستون پربدترین حملہ ہے اورتاریخ میں یہ دِن سیاہ باب کی صورت میں درج رہیگا۔اُنہوں نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں سیدشجاعت بخاری کی ہلاکت کوانتہائی بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے سوگواران کیساتھ ہمدردی کااِظہارکیااورسید شجاعت بخاری کی روح کی تسکین کیلئے دعاکی۔اُنہوں نے کہا’’ شجاعت کی ہلاکت ان کیلئے ایک ذاتی صدمہ ہے ،میں نے ایک دوست کھودیاہے‘‘۔اُنہوں نے کہاکہ صحافتی طبقہ ایک جرأتمندصحافی سے محروم ہوگیا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ کشمیرکی سیول سوسائٹی اپنے اس عزیزکوبہت یادکرے گی اورجوخلاء ان کی جدائی سے پیداہوئی اِسے پُرکرناناممکن ہے۔پروفیسر مٹونے کہاکہ کشمیر کی ایک نڈرآواز کو ختم کرنے کیلئے شرپسندوں نے یہ مذموم حرکت کی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوںنے کہاکہ شجاعت بخاری نڈر اور بے باک صحافی تھے۔اُنہوں نے صحافتی برادری سے اپنی گہری ہمدردی کااِظہارکیاخاص طورپررائزنگ کشمیرکنبے کیساتھ اپنی ہمدردی کااِظہارکرتے ہوئے رائزنگ کشمیرفیملی سے تلقین کی کہ وہ صبروتحمل کیساتھ اپنے قائدمرحوم کے نقشِ قدم پرآگے چلتے ہوئے صحافتی میدان میں اُن کی بے لوث خدمات کوزندہ جاویدرکھیں اوراُن کے مشن کوکمزورنہ ہونے دیں۔
سرمدحفیظ اور طارق احمدزرگر
سیکرٹری محکمہ اطلاعات سرمد حفیظ اور ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ طارق احمد زرگر نے سینئر صحافی اور روزنامہ رائیزنگ کشمیر کے ایڈیٹر انچیف سید شجاعت بخاری کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ ریاست میں صحافت کے میدان میں شجاعت بخاری کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ اطلاعات اور ناظمِ محکمہ اطلاعات نے کہا کہ مرحوم صحافی برادری کی بہبودی کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہنے کے علاوہ سماجی اور ادبی حلقوں میں بھی کار ہائے نمایاں انجام دیتے رہے ۔ مرحوم کی روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کرتے ہوئے حفیظ اور زرگر نے اس صدمے پر ریاست کی صحافی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ دریں اثنا ڈائریکٹر آرکائیوز ، آرکیالوجی اور میوزیمز منیر السلام نے بھی شجاعت بخاری کی ہلاکت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ مرحوم کی روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کرتے ہوئے منیر السلام نے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔
جموں مسلم فرنٹ
جموں مسلم فرنٹ کے صدرقاضی عمران نے کشمیرکے نامورصحافی سیدشجاعت بخاری کی ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔قاضی نے شجاعت بخاری کے قتل کوصحافت کے قتل سے تعبیرکیا۔انہوں نے کہاکہ شجاعت بخاری کی ہلاکت کی خبرسے پوری ریاست ماتم میں ڈوب گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بزدلانہ حرکت کی جس قدرمذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے شجاعت بخاری کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے۔
ہیومن رائٹس واچ
جے اینڈکے ہیومن رائٹس واچ کے ریاستی صدر بی ایل کپورنے ریاست میں انسانی حقوق کی بڑھتی خلاف ورزیوں پرتشویش کااظہارکیاہے۔انہوں نے سرحدی علاقوں میں گولہ باری سے انسانی جانوں کے زیاں پربھی دُکھ کااظہارکیا۔بی ایل کپور نے کہاکہ اس میں شک نہیں کہ مرکزی حکومت نے دہشت گردی کوکافی حدتک کچلاہے لیکن اس کے باوجود دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے شجاعت بخاری کی ہلاکت کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ قدآورصحافی کے قتل کی جس قدرمذمت کی جائے ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ قتل صرف ایک صحافی کاہی نہیں بلکہ پوری صحافت پرحملہ ہے۔
پروفیسربھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے معروف، بے خوف اور بے داغ صحافی شجاعت بخاری کے ان کے سری نگر میں دفتر کے باہر سفاکانہ قتل پر گہرے دکھ اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ان کے سیکورٹی گارڈوں عبدالحامد اور محمد حمید کے بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں مار ے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔پنتھرس سربراہ نے شجاعت بخاری اور ان کے دو پی ایس او کے قتل پر ریاست میں سیکورٹی نظام پر سوال اٹھایا جہاں کسی نے قاتلوں کو نہیں دیکھا۔ انہوں نے سری نگر شہر میں را ئزنگ کشمیر کے مدیر اعلی کے طورپر کئی برسوں سے مضبوط ارادے اور جرات کے ساتھ صحافت کرنے والے بے خوف سینئر صحافی شجاعت بخاری کے سفاکانہ قتل کو ناقابل یقین قرار دیا۔پنتھرس سپریمو نے کہاکہ شجاعت بخاری صحافت کی دنیا میں ان کے پرانے دوستوں میں سے ایک تھے جو ہندو کے صحافی یا رائزنگ کشمیر کے مدیر اعلی کے طورپر کسی شخص یا اتھارٹی کے سامنے نہیں جھکے۔انہوں نے شجاعت بخاری کے ساتھ اپنی گزشتہ ماہ نئی دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل میں ہوئی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مجھ (بھیم سنگھ )سے کہا تھا کہ ان کا پین اور ذہن کسی کے سامنے خودسپردگی نہیں کرے گا اور وہ جموں وکشمیر میں امن ، ترقی اور بھائی چارہ کی مضبوطی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ان کے مسٹر شجاعت بخاری کے ساتھ خوشگوار تعلقات تھے اور وہ شجاعت بخاری جیسے ہر اس مصنف ، ادیب اور مفکر کی حمایت کرتے ہیں جو جموںوکشمیر میں امن اور ترقی کے لئے عہد بند ہے۔پنتھرس پارٹی نے نئی دہلی میں شجاعت بخاری کے کنبہ کے اراکین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرنے جموں وکشمیر نیشنل نیشنل پارٹی کے سینئر کارکنوں کی ہنگامی میٹنگ کی جس میں آنجہانی کی روح کو جنت میں سکون ملنے کے لئے دعا بھی کی گئی۔
پی ڈی پی صوبہ جموں
پیپلزڈیموکریٹک پارٹی صوبہ جموں نے سیدشجاعت بخاری کے بیہمانہ قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہاں جاری پریس بیان میں پی ڈی پی کے چیف کوآرڈی نیٹرصوبہ جموں چوہدری عبدالحمیدنے کہاکہ شجاعت بخاری کی ہلاکت سے نہ صرف صحافتی شعبے کونقصان ہواہے بلکہ پوری ریاست کوناتلافی نقصان پہنچا ہے۔پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کاایک تعزیتی اجلاس یہاں گاندھی نگرپارٹی دفترمیں منعقدہواجس میں چوہدری عبدالحمید نے مرحوم کوخراج عقیدت پیش کیاہے۔انہوں نے کہاکہ شجاعت بخاری ایک بے باک صحافی تھے ۔انہوں نے کالموں اورڈبیٹس کے ذریعے ریاست کی عوام کی آوازکوبلندکیاہے۔انہوں نے شجاعت بخاری کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا۔اس دوران تعزیتی میٹنگ میں شجاعت بخاری کوخراج عقیدت پیش کرنے والوں میں جنرل سیکریٹریز محبوب اقبال ،ویدمہاجن، سیکریٹری جتندربٹ، سینئرلیڈرایس ترلوک سنگھ باجوا، سیداصغرعلی، ٹھاکرفلیل سنگھ، دمن بھسین، رشیدملک، چوہدری حسین علی وفا، بھارت بھوشن گپتا، وجے ڈوگرہ کٹوچ، سرجیت کور،رومیش کول،ست پال سنگھ چاڑک،میجرجنرل آرایس جموال، اشوک جوگی، آرکے بالی، سکھویندرسنگھ،چھترسنگھ سینی، وکاس بھٹی،رنبیرسنگھ مانگا، چوہدری شفیع چیچی ضلع صدورراجندرسنگھ منہاس، فقیرچند بھگت،ڈاکٹرہرمیش سلاتھیہ ،ایس سریندرسنگھ، گیتاٹھکو، گردیپ کور، گرمیت کھانڈے ،آرکے پردیسی ،ایس کے رینہ، امریک سنگھ ،بچن لال، چوہدری رفیق ،پرویزوفاخان،وریندرسنگھ سونو،نیرج چندیل ودیگران شامل تھے۔اس دوران پی ـڈی پی لیڈران نے غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا۔علاوہ ازیںپی ڈی پی کے جموں ویسٹ سے لیڈر پونیت سنگھ جموال نے کشمیرکے نامورصحافی سیدشجاعت بخاری کی ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔پونیت سنگھ جموال نے شجاعت بخاری کے قتل کوصحافت کے قتل سے تعبیرکیا۔انہوں نے کہاکہ شجاعت بخاری کی ہلاکت کی خبرسے پوری ریاست ماتم میں ڈوب گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بزدلانہ حرکت کی جس قدرمذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے شجاعت بخاری کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیرکی ایک بے باک آوازکوخاموش کردیناباعث افسوس ہے۔
ڈسپلیسڈ کشمیری سکھ کانفرنس
ڈسپلیسڈ کشمیری سکھ کانفرنس کے صدرایس ہرموہندرسنگھ نے کشمیرکے نامورصحافی سیدشجاعت بخاری کی ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔ہرموہندرسنگھ نے شجاعت بخاری کے قتل کوصحافت کے قتل سے تعبیرکیا۔انہوں نے کہاکہ شجاعت بخاری کی ہلاکت کی خبرسے پوری ریاست ماتم میں ڈوب گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بزدلانہ حرکت کی جس قدرمذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے شجاعت بخاری کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے۔
مسلم فیڈریشن جموں
جموں//مسلم فیڈریشن جموں کاایک تعزیتی اجلاس عبدالمجیدکی صدارت میں منعقدہوا۔اس دوران معروف صحافی سیدشجاعت بخاری کی ہلاکت پر سخت رنج وغم کااظہارکیاگیا اورقاتلوں کے بے رحمانہ ،غیرانسانی فعل کی سخت مذمت کی گئی۔اجلاس میں ریاست کے موجودہ حالات کے پش منظرکاحوالہ دیتے ہوئے صدرمسلم فیڈریشن نے سخت تشویش کااظہار کیاکہ اب امن پسندواعتدال پسندشخصیات کی آوازدبانے کیلئے اس طرح کے حربے ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے شجاعت بخاری کوعظیم اورمدبرشخصیت قراردیتے ہوئے کہاکہ وہ ایک دوراندیش اورقابل شخصیت تھے۔انکی اعتدال پسندی اورقابلیت کی وجہ سے گزشتہ کئی سالوں سے ہرسال امریکہ کی مشہور یونیورسٹی لیکچردینے کیلئے مدعوکرتی رہی اوروہ وہاں شرکت کرتے رہے۔ انہوں نے اپنی زندگی صحافت کرتے ہوئے قوم کے نام وقف کردی تھی۔ اپنے بے باک اوربے لاگ صحافتی تحریروں سے وہ پوری دُنیامیں غیرمتنازعہ صحافی کے طورپر مشہورہوئے۔اپنے حسن واخلاق کی وجہ سے ایسااعلیٰ مقام ومرتبہ حاصل کیاکہ بڑی بڑی ہستیاں اُن کے احترام میں کھڑی ہوجاتی تھیں ۔حالانکہ وہ خودغریب پرورتھے۔ مقررین نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ توازن برقراررکھتے ہوئے ہمیشہ سچائی کوسامنے لایا،پچھلے چندسالوں سے وہ اسی کوشش میں تھے کہ کسی بھی طرح ریاست میں قائم ہوجائے اوردائمی امن کیلئے وہ اپنے ہمنیحال اوراعتدال پسندہستیوں کے رابطے میں رہتے۔انہوں نے رنجیدہ ہوتے ہوئے سید شجاعت بخاری کے اہل خاندان اور ان کے ہمنوائوں سے تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ یہ خلاجوپیداہوگیاہے وہ ایک طویل عرصے تک پورانہیں ہوسکتاہے لیکن ہم دُکھ کی گھڑی میں بخاری خاندان کے شانہ بشانہ ہیں اوردُعاکرتے ہیں کہ اللہ غفورورحیم مرحوم کوجنت الفردوس عطافرمائے۔اس ماہ مبارک میں انکی شہادت رائیگاں نہیں جائیگی یہ ہمارایقین ہے۔ اجلاس کے اختتام پرمرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی ۔اجلاس میں ماسٹراکرم احمد ،محمدحسین ملک،عبدل الرشید میر، پرویزاحمد ملک،جماعت علی،اسلم خان ،محمداشرف، جمعہ خان ،تنویرشیخ ،شفقت کھوکھر،رفیق خان نے شرکت کی۔