جموں//مدرسہ مظہر اسلام ریل ہیڈ کمپلیکس میں طلباء کی دستار بندی کی مناسبت سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔اس دوران ان طلبہ کو مدرسہ کی طرف سے اسناد عطا کی گئیں جنہوں نے قرآن پاک مکمل حفظ کیا۔مدرسہ کی طرف سے دستاربندی پروگرام حسب سابق ،امسا ل بھی منعقد کیا گیا۔اس دوران تقریب میں صدر مدرسہ چوہدری اختر حسین ، مہتمم مدرسہ مولانا محمد فاروق نقشبندی،حفظ اختر ،مفتی ابراھیم،مفتی اشرف ،مفتی اسلم اور مفتی اسماعیل وغیرہ موجود تھے۔اس موقعہ پرعلماء کرام نے دین اسلام پر روشنی ڈالی اور طلباء کی بہتر کارکردگی پران کو مبارک باد پیش کی ۔چوہدری اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے اس مبارک عمل کی وجہ سے مدرسہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہر سال یہ طلاب مدرسہ سے فارغ ہو کر دین کی خدمت میں لگ جاتے ہیں ۔چوہدری اختر نے مزید کہا کہ اس مدرسہ میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔یہاں عربی،انگریزی ،سائنس،ہندی اوراب کمپیوٹر کی تعلیم دینے کا بھی انتظام کیا جارہا ہے کیوں کہ خدمت خلق کے لئے ہر کسی کہ ضرورت پڑتی ہے ۔مدرسہ کمیٹی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور آخر میںمحمد فاروق نقشبندی نے ریاست و ملک کی خوشحالی ،ترقی ،امن و بھائی چارہ کے لئے خصوصی دعا مانگی۔