پونچھ//مدرسہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام حسین آباد گورسائی نالہ مینڈھر میں ایتوار کو ولادت با سعادت حضرت علی ابن ابو طالب علیہ السلام کی مناسبت سے ایک محفل مقاصدہ منعقد ہوئی جس میں صدارت قائد ملت حجۃ الاسلام مولانا سید مختار حسین جعفری مدیر مدرسہ نے کی۔ محفل کی ابتدا تلاوت قرآن کریم سے ناظم جعفری متعلم مدرسہ ھذا نے کی اور نعت کے بعد انتظامیہ کی جانب سے دیئے گئے طرحی مصرعہ پر شعرائے کرام نے اپنے اپنے کلام پیش کئے جب کہ کچھ طالبہ نے ان حضرات کے کلام پڑھ کر سنائے جنہوں نے بیرون ملک ایران سے دیئے گئے طرحی مصرعہ پر اپنے کلام روانہ کئے تھے۔ طرحی محفل مقاصدہ میں جن شعرائے کرام نے اپنے اشعار پڑھے ان میں ڈاکٹر سید ذاکر حسین فردوس، محتشم احتشام،ارشد نقوی،سید ناطق حسین جعفری قابل ذکر ہیں ۔اپنے صدارتی خطاب میں قائد ملت حجۃ الاسلام مولانا سید مختار حسین جعفری مدیر مدر سہ نے سیرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا ہم جس طرح امیر المومنین علیہم السلام سے ہم محبت کرتے ہیں اگر ان کی سیرت پر بھی عمل کریں تو سچے پیرو اور مطیع کہلائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے شعرائے کرام سے گزارش کی کہ وہ مدحت محمد و آل محمد میں اپنے اشعار کہیں تاکہ ان کی دین اور دنیا دونوں سنور سکیں۔ اس جشن میں مدرسہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام کے استاد اور اراکین کے علاوہ مقامی مومونین بھی موجود تھے۔ نظامت کے فرائض حسن عبداللہ جعفری نے انجام دیئے۔