سرینگر //کورونا متاثرین میں اضافہ کے بعد ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کوویڈ مریضوں کیلئے مخصوص اسپتالوں میں بستروں میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے یہ احکامات ایک جائزہ میٹنگ میں دیئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام نامزد اسپتالوں میں بستروں کے علاوہ وینٹی لیٹروں کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر 4ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو سرکاری اسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنائی گی۔ کمیٹی کو سرکاری نرخ نامہ پر آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنانے کا کام بھی سونپا گیا ہے۔ انہوں نے مختلف اسپتالوں میںنصب 37آکسیجن پلانٹوں کی وقت پر تنصیب یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ مختلف لیبارٹریوں میں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ بڑھانے کیلئے اضافی مشینری اور عملہ کی تعینات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام اضلاع میں نمونے جمع کرنے، ٹیسٹنگ، اور رابطوں کا پتہ لگانے کے عمل میں تیزی اور معیاری ضابطہ اخلاق کی عمل آوری کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ متاثرین کو صحتیاب ہونے تک گھروں میں قرنطین کریں۔ میٹنگ کے دوران ڈویژنل کمشنرنے متاثرین ، اموات اور گھر قرنطین، مریضوں کو منتقل کرنے، مختلف علاقوں میں بندشوں اور رابطوں کی تلاش میں تیزی لانے پر زور دیا۔ میٹنگ میں تمام ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ ، ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن، ڈائریکٹر ہیلتھ، ڈائریکٹر انڈسٹریز ، ایس پی ہیڈکوارٹر ، ہیلتھ افسران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔