جموں //محکمہ پشو پالن جموں کے ڈائریکٹر ویویک شرما نے تلاب تلو میں ڈیری فارمز سے وابستہ کاشتکاروں سے بات چیت کیلئے ایک میٹنگ منعقد کی۔ ڈریکٹریٹ آفس کے کانفرنس ہال میں طلب کی گئی اس میٹنگ میں بڑی تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی ۔اس بات چیت کا بنیادی ایجنڈا ہیرہ نگر (کٹھوعہ) میں ہونے والے میلہ کے بارے میں ڈیری فارمرز کو آگاہ کرنا تھا۔ڈائریکٹر نے شرکاء سے گزارش کی کہ وہ میلے کے دوران اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ویب پورٹل 'e-pashuhaat' پر اپنا اندراج کریں اور اپنے جانوروں سے متعلق تمام متعلقہ تفصیلات اس پر اپلوڈ کریں تاکہ خریداروں کو پورٹل کے ذریعہ اپنی پسند کے جانور خریدنے میں کوئی دقت پیش نہ آئے ۔ اس دوران محکمہ کے چیف نے حکومت ہند کی وزارت فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی ’ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ اسکیم (او ڈی او پی) کے بارے میں کسانوں کو آگاہ کیاجس کے تحت ضلع جموں کو ڈیری مصنوعات کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت دودھ کے کاشتکاروں کو سبسڈی کی صورت میں مدد فراہم کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔ بات چیت کے دوران ڈیری فارمرز نے دودھ کی مارکیٹنگ کے سلسلے میں درپیش پریشانیوں کا مسئلہ اٹھایاتاہم انہیں اس کے متعلق مکمل جانکاری فراہم کی گئی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔