جموں//محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن نے جموں یونیورسٹی کے اشتراک سے مانسر میں عالمی وٹلینڈ دِن کے سلسلے میں ایک پروگرام کا اِنعقاد کیا۔اِس پروگرام کا آغاز مانسر جھیل کے ارد گرد چہل قدمی سے ہوا جس میں محکمہ جنگلات کے مختلف ونگوں ، سرنسر ۔مانسر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران ، فیکلٹی ممبران ، سکالروں ، جموں یونیورسٹی کے طلاب ، سرپنچوں اور مقامی پنچایتوں کے پنچوں ، این جی اوز کے نمائندوں ، ممتاز شہری اور طلاب نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر جموں وکشمیر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے چیئرمین سریش چُگ مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ اِس پروگرام میں سرنسر ۔ مانسر جھیل کے ماحولیاتی نظام میں موجود خصوصی مچھلیوں ، سانپوں ، کچھوں کی بھی نمائش کی گئی جس میں مختلف سٹالوں کے ذریعے اِنسان ۔حیوان تصادم میں استعمال ہونے والے اوزار اور سازو سامان کی نمائش کی گئی۔دریں اثنا سرنسر ۔مانسر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے عام لوگوں کی جانکاری کے لئے ’’ سرنسر ۔ مانسر ٹوراِزم ماسٹر پلان‘‘ پیش کیا ۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی آف جموں اینڈ ہمالیہ ایوین (این جی او) کے قائم کردہ سٹالوں میں برڈ بائیو ڈائیورسٹی کو بھی پیش کیا گیا۔سریش چُگ نے عوام کو آلودگی ، اجنبی پرجاتیوں پر حملہ،بائیو دائیورسٹی میں کمی وغیرہ کے سلسلے میں آب و ہوا کے ماحولیاتی نظام کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے لوگوں کی توجہ بحالی کے مختلف اقدامات جیسے سوریج ٹریٹمنٹ ، شکار کی روکتھام ، بائیو ڈائیورسٹی کے تحفظ کی طرف مبذو ل کرائی۔چیف وائلڈ لائف وارڈن جے اینڈ کے سریش کمار گپتا نے وٹلینڈ علاقوں کی اہمیت اور ان کے تحفظ کے لئے اُٹھائے جانے والے مختلف اِقدامات پر روشنی ڈالی۔پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات اور ایچ او ایف ایف ڈاکٹر موہت گیرانے جنگلات ، کاشتکاری ، ویٹلینڈ علاقوں کی کلی بحالی کے لئے شجرکاری ، آب و ہوا کے نازک ماحولیاتی نظام پرہونے کے علاوہ کیچمنٹ ائیریا ٹریٹمنٹ اور مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جموں یونیورسٹی کے ماہرین انیل رینہ ، پروفیسر راج کمار رامپال ، پروفیسر پیوش ، ڈاکٹر دیپیکا سلاتھیہ اور ڈاکٹر نیرج شرما نے بھی اپنے خیالا ت کا اِظہار کیا۔اِس موقعہ پر سرپنچوں ، پنچوں اور خواتین سمیت ممتاز شہریوں نے بھی خطاب کیا۔بعد میں ڈاکٹر نیرج شرما اور ان کے ساتھیوں کا تیار کردہ ’’ واٹربرڈس آف جے اینڈ کے این ای۔ گائیڈ‘‘ جاری کیا گیا۔پروگرام میں نظامت کے فرائض وِجے کمار ورما وائلڈ لائف وارڈن نے انجام دی اور شکریہ کی تحریک ڈاکٹر کمار ایم کے ریجنل وائلڈ لائف وارڈن جموں نے پیش کی۔