مینڈھر //نیشنل کانفرنس سنیئرلیڈر اور سابقہ ایم ایل اے مینڈھر جاوید رانا نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن میں محکمہ جل شکتی مکمل طورپر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کاسا مناکرناپڑرہا ہے ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران این سی لیڈر نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے محکمہ جل شکتی کو فعال بنانے کیلئے بھاری فنڈز خرچ کرنے کے دعوئے کئے جارہے ہیں تاہم مینڈھر میں صورتحال یکسر مختلف ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے ہر گھر میں پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر گھر میں پاپئیں بچھانے کا ہدف مقرر کیا ہے تاہم اس کے باوجود مینڈھر میں محکمہ کی جانب سے ابھی تک دس فیصد کام بھی مکمل نہیں کیا جاسکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی نااہلی کی وجہ سے چھونگاں، ڈھرانہ، کالابن، اڑی، قصاب چھجلہ، گاہنی ،نکہ منجیاڑی، سلواہ، پٹھانہ تیر،ساغرہ منکوٹ جیسے گاوں پانی کی شدید قلت کا شکار ہو گئے ہیں ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن میں پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ کو متحرک کیا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی کم ہوسکے ۔