راجوری //متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے نتیجہ میں 2014میں سیلاب کے دوران تباہ ہونے والی سکولی عمارت کی ابھی تک مرمتنہیں کی گئی ہے ۔خوا س زون کے گورنمنٹ مڈل سکول مرہوتہ کی عمارت کو سیلاب کے دوران نقصان پہنچاتھا جسے اب تک ٹھیک نہیں کیاگیا۔ اس سکول میں اس وقت سو سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں اور یہ سکول ایسے علاقے میں واقع ہے جس کو ضلع کا دورافتادہ اور پسماندہ ترین علاقہ تصور کیاجاتاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ سکول کی عمارت پہلے تین سے چار کمروں پر مشتمل تھی تاہم سیلاب میں اس گائوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور سکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔تاہم تب سے اب تک اس کی مرمت نہیں کی گئی اور طلباء کھلے آسمان تلے یاپھر خستہ حال عمارت میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پرمجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ فی الوقت تمام آٹھ کلاسیںاسی شکستہ حال عمارت میں بٹھائی جاتی ہیں جس سے طلباء کی جان کو بھی خطرہ ہے ۔ان کاکہناہے کہ سکول کیلئے نئی عمارت کی تعمیر کاکام برسوں قبل شروع ہواتھاتاہم وہ مکمل نہیںہوااور پرانی عمارت کی مرمت کاکام ابھی تک شروع ہی نہیں کیاگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس علاقے میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کا حال بے حال ہے اورطلباء کی جانیں بھی خطرے میں ہیں ۔ مقامی لوگوںنے مزید کہاکہ وہ ایک ایسے علاقے میں زندگی بسر کررہے ہیں جس کو ضلع کا سب سے پسماندہ علاقہ کہاجاتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ سکول میں چھ اساتذہ تعینات ہیں جبکہ اس سکول میں اس وقت 106طلباء زیر تعلیم ہیں ۔جب اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسر راجوری چوہدری الطاف حسین سے بات کی گئی تو انہوںنے اس معاملے کو حل کرنے کا یقین دلایا۔