پونچھ//محکمہ بجلی کی طرف سے دعوے تو بڑے بڑے کئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر محکمہ کی کارکردگی کا اندازہ اسی حقیقت سے لگایاجاسکتاہے کہ پونچھ کے دورافتادہ گائوں گلی ناگ کے محلہ سرار کے 40کنبہ جات 2012سے بجلی سے محروم ہیںجن کا ٹرانسفارمر پانچ سال بعد بھی ٹھیک نہیں ہوسکا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ2012 میں بجلی کا ٹرانسفارمر جل گیا جو آج تک ٹھیک نہیں کیا گیا ۔گائوں کے لوگوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس دوران انہوں نے الزام لگایا کہ وہ پچھلے پانچ سال سے لگاتار محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران سے چاہے وہ تحصیل سطح کے ہوں یا ضلع سطح کے ،اپیل کرتے آرہے ہیں کہ ان کا بجلی ٹرانسفارمر مرمت کر کے بجلی فراہم کی جائے لیکن افسوس ان کی کوئی نہیں سن رہا ۔انہوں نے کہا کہ وہ لگاتار پانچ سال سے قدیم طرز کی زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی تیل خاکی سے جلنے والی چمنیاں جلا کر اپنے راتوں کے اندھیروں کو روشن کرتے ہیں۔گائوں کے محمد شریف ، منیر حسین اور طالب حسین نے کہا کہ وہ افسروں کے پاس جا جا کر اب تھک چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ بڑے ہی بدقسمت لوگ ہیں جو آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی اندھیروں میںڈوبے ہیں۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ ان کی بجلی سپلائی بحال کرائی جائے ۔