کوٹرنکہ//کوٹرنکہ کی پنچایت کھا ہ نمبر 1کے مکینوں نے محکمہ بجلی کےخلا ف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ان کو بجلی کی فراہمی کے بغیر ہی ہزاروں روپے بل ارسال کئے جارہے ہیں ۔مظاہرین نے بتایا کہ 2011میں بجلی کا ٹرانسفارمر نصب کرنے کےساتھ ساتھ لائن لگائی گئی تھی لیکن کچھ ہی عرصہ میں ترسیلی لائن ٹوٹنے کے بعد محکمہ کے ملازمین نے ان کو دیگر کسی ٹرانسفارمر سے بجلی کی سہولیت ہی فراہم نہیں کی لیکن اس کے باوجود بھی ان کو بل ارسال کئے گئے ہیں ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بجلی محکمہ کے انسپکٹر و لائن مین کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کےساتھ نا انصافیاں کی جارہی ہیں جبکہ اس وقت موقعہ پر صرف بجلی کا ایک ٹرانسفارمر موجود ہے لیکن لائن و کھمبوں کا کوئی نام و نشان ہی نہیں ہے ۔محمد قیوم ،عبدالرشید ،عبدالغنی ،محمد اسلم ،محمد عظم ،محمد فاروق ،شاہ محمد ،طالب حسین ،محمد عالم ودیگران نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے دعوئے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر غریب عوام کےساتھ بڑی پیمانے پر نا انصافیاں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی فرضی بل کاٹ کر ان کو انصاف فراہم کیا جائے ۔