عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// یومِ مزدور کے موقع پر اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی ایک ایسے مستقبل کی متلاشی ہے، جہاں ہر مزدور کو ’’قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے، اس کا احترام کیا جائے، اسے بااختیار بنایا جائے اور اسے منصفانہ معاوضہ دیا جائے۔‘‘
انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، ’’…میں اپنے معاشرے کے محنت کش طبقے کو دلی احترام پیش کرتا ہوں، یہ طبقہ قوم کی ترقی کے لیے اپنا خون پسینہ ایک کرتا ہے۔ یوم مزدور ہمیں اس بات کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’اپنی پارٹی ایسے مستقبل کے لیے کھڑی ہے جہاں ہر مزدور کو قدر دی جائے، اس کا احترام کیا جائے، اسے بااختیار بنایا جائے اور اس کو اس کا جائز حق دیا جائے۔ میں سب کو بامعنی اور باوقار یومِ مزدور کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔