سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان برائے شمالی کشمیر ایڈوکیٹ محمد اکبر لون نے سمبل سوناواری میں مقامی انتظامی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں محرم الحرام کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مذکورہ افسران پر زور دیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر رکھنے کے ساتھ ساتھ شیعہ اکثریتی علاقوں میں سڑکوں اور گلی کوچوں کی صفائی کو یقینی بنائیں اور اِسی طرح بغیر خلل بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عزاداروں کے جلوسوں کے دوران اہم مقام پر طبی کیمپ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کے جلوسوں کے ہمراہ خصوصی طبی سہولیات بھی میسر رکھی جانی چاہیں۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے محرم الحرام کے دوران کئے گئے انتظامات کی بذاتِ خود نگرانی کرنے کی اپیل کی۔ ادھر نگوا صدر اشتیاق بیگ نے محرم الحرام کے متبرک ایام کے دوران لوگوں کیلئے خاص کر شیعہ آبادی والے علاقوں میں ضروریات زندگی سے جڑی تمام چیزیں دستیاب رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں تقاریب یا ماتمی جلوس منعقد ہوتے ہیں ان علاقوں کی سڑکوں کی تجدید و مرمت کا کام جنگی بنیادوںپر عمل میں لایا جائے ۔