عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے منگل کے روز جماعت اسلامی کے سماجی و تعلیمی کردار کا دفاع کرتے ہوئے سیاسی مذاکرات اور تحمل کی ضرورت پر زور دیا۔تاریگام کولگا م میں سابق امیر جماعت اسلامی شیخ غلام حسن کے اہل خانہ سے تعزیت کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایک طرف آر ایس ایس پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب اپنی رائے کا اظہار کرنے والوں کو دبایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مذاکرات کسی مخصوص طبقے تک محدود نہیں ہونے چاہئیں۔محبوبہ مفتی نے جماعت اسلامی کے تعلیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے جموں و کشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوان، ڈاکٹر اور انجینئر پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا،جماعت اسلامی نے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور معاشرے کو ڈاکٹر اور انجینئر فراہم کیے ہیں۔’’پی ڈی پی صدر نے مرحوم شیخ غلام حسن کو ایک باوقار مذہبی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔محبوبہ مفتی نے جنازے میں شریک سوگواروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر بھی ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ غم و جذبات کا اظہار کرنے والوں کو ہراساں کرنا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا،‘‘یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ محض غم کا اظہار کرنے پر سوگواروں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر محبوبہ مفتی کے ہمراہ پی ڈی پی کارکنان اور مقامی لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔