پونچھ//چکترو گائوں میں پانی کی عدم فراہمی پرمقامی لوگوںنے شدید احتجاج کرتے ہوئے منڈی ۔پونچھ سڑک چکترو جھولا پل کے مقام پر بند کردی ۔ اس دوران گائوں کے سینکڑوں مکینوں جن میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی، نے محکمہ پی ایچ ای اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہاکہ انہیں پینے کیلئے پانی کی ایک بوند بھی نہیں مل رہی ۔ان کاکہناتھاکہ چکترو اور کلانی گائوں کے مختلف محلہ جات اور وارڈوںمیں گزشتہ کئی روز سے پینے کا پانی نہیںاوروہ ماہ رمضان اور اس شدت کی گرمی میں مشکلات کاسامنا کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان کی خواتین اور بچوں کا پورا دن پانی کی تلاش میں ہی بیت جاتاہے ۔مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای اور سرکار کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار بار متعلقہ محکمہ کے افسروں اور ملازموں سے اپیل کر چکے ہیں کہ انہیں پانی فراہم کیا جائے لیکن محکمہ کے عملے کی ملی بھگت کی وجہ سے ان کو پانی کی بوند بوند کوترسنا پڑرہا ہے۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ کوہدایت دیں کہ وہ ٹھوس اقدامات اٹھا کر ان کے علاقے میںپانی کی قلت کو فوری ختم کریں۔انہوںنے اپیل کی کہ ان کے علاقہ میں لگائی گئی لفٹ اسکیم ک کی مرمت کر کے اسے بحال کیا جائے ۔یہ احتجاجی کافی دیر تک جاری رہاجس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بعد میںمحکمہ کے ایگزیکٹو افسر اور دیگر افسر موقعہ پر پہنچے اورانہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کو پانی فراہم کیا جائے گا جس پر احتجاج ختم کیاگیا ۔تاہم مقامی لوگوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کو پانی فراہم نہیں ہوا تو وہ دوبارہ احتجاج کریں گے ۔
راجوری میں پانی کاشدید بحران
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں پانی کا شدید بحران پایاجارہاہے اور محکمہ پی ایچ ای نے خود بھی اس کو تسلیم کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسی صورتحال کا سامنا خشک سالی کی وجہ سے ہورہاہے ۔اپنے ایک بیان میں محکمہ کے ایگزیکٹو افسر راجوری نثار خان نے کہاکہ خشک سالی کی وجہ سے پانی کی سطح بہت کم ہوگئی ہے جس سے پانی کی سپلائی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خاص طور پر راجوری شہر کی پانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے کیونکہ شہر میں پانی سپلائی کرنے کا ذریعہ درہالی دریا پر فلٹریشن پلانٹ ہے جس میں پانی کم ہوگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ندی نالوں اور چشموں میں بھی پانی کم ہوگیاہے جس سے سپلائی کے نظام پر اثر پڑرہاہے ۔انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے دیہی علاقوں میں پانی کی زیادہ تر سپلائی قدرتی چشموں سے ہوتی تھی جو خشک ہوجانے سے مشکلات کاسامناہے ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کرکے پانی سپلائی کررہاہے۔