عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ماروتی سوزوکی انڈیا نے پیر کو بتایا کہ اس نے گزشتہ سال ریل کے ذریعے 5.85لاکھ سے زائد گاڑیاں روانہ کیں، جو 2024 کے مقابلے میں سالانہ 18فیصد اضافہ ہے۔آٹو میجر نے کہا کہ آئوٹ بانڈ لاجسٹکس میں ریل کے حصے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو 2016 میں 5.1فیصد سے بڑھ کر 2025 میں 26فیصد تک پہنچ گیا۔ اس قدم سے کاربن کے اخراج میں کمی، ملک کی تیل کی امپورٹس میں کمی اور سڑکوں پر بھیڑ کم ہونے میں مدد ملی ہے۔ماروتی سوزوکی انڈیا کے ایم ڈی اور سی ای او ہساشی تاکیوتشی نے ایک بیان میں کہا’’ سال کے دوران ہم نے اپنی گرین لاجسٹکس کوششوں کو مضبوط کیا ایک تو ہمارے منے سر پلانٹ میں بھارت کی سب سے بڑی آٹوموبائل ان-پلانٹ ریل وے سائیڈنگ کا سنگِ بنیاد رکھنا، اور دوسراجب ہم نے چناب دریا پر دنیا کے سب سے بلند ریلوے پل کے ذریعے کشمیر وادی کو گاڑیاں ریل کے ذریعے پہنچائیں، جو کسی بھی کمپنی کے لیے پہلی بار ممکن ہوا‘‘۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کا درمیانی مدت ہدف ہے کہ ریل سے گاڑی روانگیوں کو 2030-31تک 35 فیصد تک بڑھایا جائے، جو بھارت کے 2070کے نیٹ زیرو ہدف میں بھی حصہ ڈالے گا۔2014-15سے اب تک، ماروتی سوزوکی نے 22مقامات سے 28لاکھ سے زیادہ گاڑیاں 600سے زائد شہروں میں پہنچائی ہیں۔