محمد تسکین
بانہال// سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے لیکچراروں کے حالیہ تبادلوں کی وجہ سے جہاں ضلع رام بن کی کئی ہائر سکینڈری سکولوں میں نظام تعلیم بری طرح متاثر ہوا ہے وہیں ضلع سطحی ادارہ ڈائٹ یا ڈسٹرکٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹرائننگ بانہال کا کام کاج لیکچراروں اور ایچ او ڈیز کے تبادلوں کے بعد بری طرح سے اثر انداز ہوا ہے اور گورنمنٹ آف انڈیا کی طرف سے چلائی جارہی تعلیمی سکیمیں ان تبادلوں کی وجہ ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ڈا ئٹ بانہال میں گیارہ منظور شدہ لیکچراروں کے مقابلے میں محض دو ہی لیکچرار تعینات ہیں اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کی چھ میں سے ایک ہی اسامی پُر ہے اور پانچ اسامیاں برسوں سے خالی پڑی ہیں۔
اس کے علاوہ ڈائٹ بانہال میں کلرکل سٹاف سمیت دیگر عملے کی بھی تیس اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ڈائٹ بانہال سے تبدیل کئے گئے پانچ لیکچراروں کے مقابلے میں کسی ایک لیکچرار کو بھی متبادل کے طور تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ڈائٹ کے اندر کا کام برائے نام ہی رہ گیا ہے۔ پہلے ہی ضلع رامبن کی21 ہائر سیکنڈری سکولوں کیلئے 253 لیکچراروں کی اسامیاں منظور ہیں لیکن پچھلے کئی برسوں سے محض 90 لیکچرار ہی تعینات ہیں اور لیکچراروں کی 163 اسامیاں مسلسل خالی پڑی ہیں۔ضلع رام بن کے بانہال ، کھڑی ، اکڑال ، رام بن ، گول اور بٹوٹ کے6 تعلیمی زونوں کی تعلیم و تربیت اور سرکاری تعلیمی سکیموں کی عمل اوری کیلئے قائم ڈائٹ بانہال میں لیکچراروں ،ایچ او ڈیز اور دیگر عملے کی خالی پڑی اسامیوں کی وجہ سے محکمہ تعلیم کے اس ضلع سطحی ادارے کا کام کاج بری طرح سے متاثر ہوا ہے اور پورے ضلع کا دباuو ڈائٹ بانہال میں تعینات دو لیکچراروں کو جھیلنا پڑ رہا ہے۔لیکچراروں کو تبدیل کرنے کی وجہ سے نئی تعلیمی پالیسی 2020، ارلی چائلڈ ہوڈ کیر اینڈ ایجوکیشن، فاونڈیشن لرننگ ،ایگزامینیشن اینڈ ایوالویشن، سائیبر جگروتا ، گائیڈنس اینڈ کونسلنگ ،بھاشا سنگم ، اک بھارت سریشٹھ بھارت ، نشطا ، مڈ ڈے میلز اور اکیڈیمک نگرانی جیسی سکیمیں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں اورڈائٹ کا تمام نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے ذرا ئع نے بتایا کہ ان خالی پڑی اسامیوں کی وجہ سے فی الحال ڈائٹ بانہال کی اہمیت ختم ہو چکی ہے اور اس کا اثر براہ راست محکمہ تعلیم کی رائج سکیموں کو عملانے پر پڑ رہا ہے۔ اس سلسلے میں پرنسپل ڈائٹ بانہال سدیش کماری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سٹاف کی شدید قلّت کی وجہ سے ڈائٹ بانہال کا کام کاج اثر انداز ہوا ہے اور مختلف تربیتی پروگراموں کو جاری رکھنے کیلئے سکولوں سے تربیت یافتہ ٹیچروں کو لاکر ٹیچروں کو تربیت دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پانچ لیکچراروں کو تبدیل کرنے کے بعد ڈائٹ بانہال میں گیارہ کے مقابلے میں دو ہی لیکچرار رہ گئے ہیں جبکہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کی چھ اسامیوں کے مقابلے میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کی ایک ہی اسامی تعینات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائٹ بانہال سے حال ہی میں پانچ لیکچرار تبدیل کئے گئے ہیں اور متبادل کے طور کسی ایک لیکچرار کو بھی یہاں تعینات نہیں کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ سٹاف کی شدید قلّت کے بارے میں سٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹرایننگ کے حکام کو لکھا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ سٹاف کی کمی کو جلد ہی پورا کیا جائیگا۔واضح رہے کہ بانہال کے عشر علاقے میں ایک پہاڑی پر ڈائٹ بانہال کی دو منزلہ عمارت پچھلے قریب دس سالسے زیر تعمیر ہے اور ڈائٹ بانہال کا دفتر بانہال مارکیٹ میں کرایہ کے چند ایک چھوٹے چھوٹے کمروں سے چلایا جارہا ہے۔