سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے مشہور زیرو برج کا دورہ کیا اور سابرمتی ریورفرنٹ کی طرز پر دریائے جہلم کی ترقی اور خوبصورتی کا موقعہ پرجائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ دریائے جہلم وادی کی ثقافت اور تاریخ کا عکا س ہے ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ دریا کی جمالیاتی قدر کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کے سائنسی عمل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سیاحتی شعبے کے لئے نئی راہیں کھولے گا اور اس طرح سری نگر شہر کو مزید متحرک بنائے گا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے آنے والے پُرکشش مقامات اور سیاحوں کو دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لئے وضع کردہ طریقۂ کار کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اُنہوں نے پروجیکٹ کے مختلف اجزأ کے تحت چلائے جانے والے کاموں کا بھی جائزہ لیا جن میں جہلم ریوٹمنٹ کے ساتھ راستوں کی ترقی ، عوامی سہولیات ، پارکس ، وائی فائی زونوں اور روشنی کے کام شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ اَفسران کو بغیر کسی تاخیر کے مقررہ وقت میں پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے مخصوص ہدایات دیں۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ پہلے مرحلے میں زیرو برج سے امیرا کدل تک دو کلومیٹر کا حصہ ستمبر کے مہینے تک تیار کیا جائے گا۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنڑول محکموں اور محکمہ پھولبانی نے بھی لیفٹیننٹ گورنر کو اَپنے متعلقہ محکموں کے تیار کردہ روڈ میپ سے متعلق جانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی دھیر ج گپتا ، صوبائی کمشنر کشمری پانڈورانگ کے پولے ، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد اور متعلقہ اَفسران بھی تھے۔