سرینگر// پلوامہ کے لیتہ پورہ فدائین حملے نے سیکورٹی ایجنسیوں کو فکر مند کیا ہے،کیونکہ اس حملے میں بلٹ پروف کو چیرنے والی گولیوں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔خصوصی ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف نے کہا کہ گولیوں کو فارنسک لیبارٹری روانہ کیا گیا ہے اور رپورٹ حاصل ہونے کے بعد ہی مزید اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔ بلٹ پروف کو چیرنے والی گولیوں کا استعمال کرنے سے سیکورٹی ایجنسیاں سکتے میں آگئی ہیں۔فدائین حملے کے دوران جنگجوئوں نے بلٹ پروف گولیوں کا استعمال کیا۔سپیشل ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف ایس این شری شری واستوا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ایسا دوسری بار ہوا ہے کہ کسی حملے کے دوران عسکریت پسندوں نے بلٹ پروف جیکٹوں کو پار کرنے والی گولیوں کا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اس طرح کی گولیاں پلوامہ میں ضلع پولیس لائنز پر جیش محمد کے جنگجوئوں کی طرف سے فدائن حملے کے دوران استعمال کی گئی تھیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ فدائن نے سٹیل سے بنی گولیوں کا استعمال کیا،اور یہ گولیاں زرہ کو بھی چیرنے کے قابل ہوتی ہیں۔سری واستوا کا کہنا تھا’’ گولی زرہ ،یا فولادی ڈھال سے پار کر کے (اہلکاروں) کو لگتی ہیں۔انہوں نے اس گولی سے مرنے والے کی شناخت راج کمار مینن کے طور پر کی،جن کے جسم میں یہ گولی بلٹ پروف کو چیرتے ہوئے پیوست ہوئی۔ شری واستوا نے کہا ’’ایک گولی بلٹ پروف جپسی،جس میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ سوار تھے،کو لگی،اور اس دوران ایک اہلکار کے جسم میں پیوست ہوئی،رپورٹ کے مطابق ان گولیوں کو فارنسک لیبارٹری روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ آنے کے بعد ہی مزید اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔ لیتہ پورہ فدائین حملے میں استعمال کی گئی گولیوںکو بیرون ریاست چندی گڑھ فارنسک لیبارٹری روانہ کرنے کے بیچ سیکورٹی ایجنسیوں میں بھی کھلبلی مچھ گئی ہے،کیونکہ عسکریت پسندوں کی طرف سے اس طرح کی گولیوں کا استعمال کرنے سے خاص الخاص اشخاص کی سلامتی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں،کیونکہ بیشتر سیکورٹی و انتظامی اعلیٰ افسران کے علاوہ سیاست دان اور وزراء بھی بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال کرتے ہیں۔ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے صرف ایک روز قبل بتایا کہ اہلکاروں اور افسران کی محفوط نقل و حرکت کرنے کیلئے گزشتہ برس 18ہزار100بلٹ پروف جیکٹ خریدے گئے،جبکہ ان جیکٹوں میں سے اب تک6ہزار ایک سو جیکٹ کی کھیپ پہلی ہی حاصل کی گئی ہے،اور انکی تقسیم بھی عمل میں لائی گئی۔ وید نے کہا کہ اسی طرح کی23ہزار بلٹ پروف ٹوپیاں(پھٹکا) خریدئے گئے،ان میں سے12ہزار وصول کئے گئے اور7ہزار500تقسیم کئے گئے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ سال گزشتہ میںقریب550 بلٹ پروف گاڑیاں بھی خریدی گئیں۔