سرینگر//سرینگر کے انڈور سٹیڈیم میں لڑکیوں کیلئے ایک ہفتہ طویل سیلف ڈیفنس کیمپ کل اختتام پذیر ہوا ۔ بین الاقوامی مارشل آرٹ کھلاڑی منشا بشیر نے مارشل آرٹ کے ذریعے لڑکیوں کو سیلف ڈیفنس کے مختلف طریقوں کے بارے میں تربیت دی ۔ اس کیمپ میں ضلع سرینگرسے تعلق رکھنے والی 300 لڑکیوں نے حصہ لیا اور اس کا اہتمام جموں کشمیر سٹیٹ سپورٹس کونسل نے کیا تھا ۔ مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی کی حثیت سے موجود تھیں ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے موصوفہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ریاست بھر میں غیر تدریسی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اس طرح کے پروگراموں میں بھی شرکت کرنی چاہئیے ۔ آسیہ نقاش نے بہترین کارکردگی دکھانے والی لڑکیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل وحید الرحمان پرہ کے علاوہ کئی دیگر شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔