جموں//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد امن اور ترقی کیلئے اہم ہے، خاص طور سے بیروکریسی لوگوں کا اعتماد جیتنے میں مکمل طور ناکام رہی ہے۔ منجیت سنگھ نے کہاکہ دونوں خطوں میں بیروکریسی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، لہٰذ ا انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوامی حکومت لوگوں کے لئے کام کرسکے اور اُن کی مشکلات میں کمی واقع ہو، جن کی 5اگست2019سے کوئی نمائندگی نہیں ہورہی ہے۔ پریس بیان کے مطابق اپنی پارٹی نے پیر کے روز ضلع صدور اور مختلف اضلاع کے پارٹی کارڈی نیٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی بحث وتمحیص کی گئی۔ صوبائی صدر منجیت سنگھ نے ضلع صدور اور کارڈی نیٹرز سے کہاکہ وہ لوگوں کے لئے کام کریں اور زیادہ سے زیادہ عوامی رابطہ مہم کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں میں غم وغصہ ہے کیونکہ انتظامیہ مکمل طور اُن سے کٹ کر رہی ہے۔ مزید انتخابات جموں وکشمیر کے مفادات میں نہیں۔ ترقیاتی پروجیکٹ یہاں تک کہ چھوٹے کام بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ پنچایتی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسنز، ڈی ڈی سی بھی مایوس ہیں جن کی حکام سن نہیں رہے۔ پنچایتی راج نظام کی مضبوطی کا بنیادی مقصد ترقیاتی کاموں میں عوام کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، تاہم ایسا ہو نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتی اراکین کو لگتا ہے کہ اُن کی آوازیں نہیں سنی جارہی ۔انتظامیہ کے بارے میں بی ڈی سی اور ڈی ڈی سی کی رائے بھی مختلف نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی عہدیداروں کو جوابدہ بنانے کے لئے اور پنچایتی راج کے منتخب اراکین کو ان کا مناسب احترام کیا جانا چاہئے اور ان کے ترقیاتی منصوبوں کو پورا کرنا ہوگا ، اس کے علاوہ ان کے معاملات حل ہونے ہیں۔ گاندھی نگر میں اپنی پارٹی کے دفتر میں میٹنگ کے دوران اپنی پارٹی کی ممبرشپ ڈرائیو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس اجلاس میں صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، ضلع صدر کشتواڑ موہندر پریہار، ضلع صدر اودھم پور ہنس راج ڈوگرہ، ضلع صدر جموں پشپ دیو کمار اپل، نیلجن اروڑہ، ضلع صدر سانبہ رمن تھاپا، سابقہ ایم ایل اے اور ضلع صدر کٹھوعہ پریم لال ،اپنی پارٹی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی، یوتھ نائب صدر رقیق احمد خان، ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، او بی سی ریاستی کارڈی نیٹر مدن لال چلوترہ، یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری ابہے بقایہ، صوبائی صدر اپنی اسٹوڈنٹ ونگ انوج منہاس، ریاستی کارڈی نیٹر ڈس پلیسڈ کشمیری پنڈت جموں ونود پنڈیتہ، انچارج کارڈی نیٹر چناب ویلی ایڈووکیٹ عمر ملک،کے علاوہ دیگر ورکران بھی موجود تھے ۔