عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے تخلیق کاروں پر زور دیا کہ وہ ’’بھارت پر تخلیق کرنے کیلئے تحریک شروع کریں ‘‘ اور دعویٰ کیا کہ ’’ اس چنائو میںبھی صفائی ہونی والی ہے ‘‘ ۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دلی میں ایک پروگرام کے دوران اپوزیشن پر طنز کرنے سے باز نہیں آئے اور کہا ’’ اس چنائو میںبھی صفائی ہونی والی ہے ‘‘ ۔
اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا ’’لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں، میری کامیابی کا راز کیا ہے؟ میں ہر ایک کو جواب نہیں دیتا، کیا ریسٹورنٹ کا مالک آپ کو اپنا کچن دکھائے گا؟ ایشور کی کرپا ہے، میں وقت سے پہلے وقت کو بھانپ سکتا ہوں۔ خدا کا فضل ہے، میں سمجھ سکتا ہوں کہ کیا ہو رہا ہے۔ اسی لیے میں کہہ سکتا ہوں کہ مستقبل میں ان ایوارڈز کا ایک اہم مقام ہوگا‘‘۔انہوں نے مواد کے تخلیق کاروں کو ملک کے ڈیجیٹل سفیروں کے طور پر سراہا اور کہا کہ وہ ’وکل فار لوکل‘کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں۔انہوں نے کہا ’’آئیے ہم مل کر ہندوستان پر ایک تخلیق شروع کریں۔ آئیے ہم ہندوستان، ہندوستان کی ثقافت، ہندوستان کے ورثے اور روایات سے جڑی کہانیاں پوری دنیا کے ساتھ شیئر کریں۔ آئیے ہم اپنی کہانیاں سب کو بتائیں۔ آئیے ہم ہندوستان پر تخلیق کریں، دنیا کے لیے تخلیق کریں۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’ایسا مواد بنائیں کہ آپ کے ساتھ ساتھ، ملک کو زیادہ پسند آئے۔ ہمیں اس کیلئے عالمی سامعین کے ساتھ مشغول ہونا چاہیے۔ ‘‘ سامعین کے ’’اب کی بار 400 پار‘‘ کے نعرے کے ساتھ، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ مودی کی ضمانت نہیں ہے بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی ضمانت ہے۔انہوں نے مواد کے تخلیق کاروں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں میں یہ شعور پیدا کریں کہ پولنگ جیتنے والوں اور ہارنے والوں کے اعلان کے لیے نہیں کی جاتی، بلکہ لوگوں کو فیصلہ سازی کے اس عمل کا حصہ بننے کے لیے کیا جاتا ہے جو اتنے بڑے ملک کے مستقبل کو تیار کرتا ہے۔