اشرف چراغ
کپوارہ //لولاب کا نوجوان سعودی میں دل کا دورہ پڑنے سے جا ں بحق ہو گیا اور اس کی نعش کو واپس لانے کے لئے ان کے لواحقین نے سرکار سے مطالبہ کیاکہ وہ اس معاملہ میں مدا خلت کرے۔وادی لولاب کے سوگام علاقے سے تعلق رکھنے والا نوجوان بلال منظور ولد منظور احمد سعودی عرب میں ایک اسپتال میں نو کری کر رہاتھا کہ ہفتہ کے روز وہاں وہ حرکت قلب بند ہونے سے لقمہ اجل بن گیا۔جب یہ خبر ان کے اہل خانہ نے سنی تو ان پر قیامت کا پہاڑ ٹوٹ گیا۔بلال منظور سعودی عرب کے آبا انٹر نیشنل اسپتال میں نرسنگ اسسٹنٹ کے طور تعینات تھا۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بلال اپنے مستقبل کی فکر میں سعودی عرب میں ایک اسپتال میں نوکری کرنے لگا تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کی پیٹ پالے۔ان کاکہنا ہے کہ بلال کو روز گا ر کی سخت فکر تھی اور اسی سلسلے میں وہ سعودی میں نوکری کرتا تھا لیکن اس کو کیا پتہ تھا کہ ان کے مستقبل کے خواب چکنا چور ہو جائیں گے۔لواحقین غم سے نڈھال ہیں اور انہو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ان کی جسد خاکی کو واپس لانے کے لئے مرکزی سرکار سے معاملہ اٹھا یا۔اس دوران بھارتیہ جتنا پارٹی کے میڈیا انچار ج کشمیر ساجد یوسف شاہ نے سعودی کی سرکارسے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی نعش کو اپنے وطن واپس لانے میں مدد کرے۔