کنگن//3 ماہ اور 20 دن(110 روز) کے بعد سرینگر لداخ شاہراہ یکطرفہ چھوٹی گاڑیوں کیلئے کھول دی گئی۔434کلو میٹر سرینگر لیہہ شاہراہ گذشتہ برس 31دسمبر کو آمدورفت کے لئے بند کردی گئی تھی جس کی وجہ سے خطہ لداخ کا زمینی رابطہ وادی کشمیر سے منقطع ہوگیا تھا۔فی الحال ایک دن کیلئے آزمائشی طور پر چھوٹی گاڑیوں کو کرگل روانہ کیا گیا تاہم موسمی پیش گوئی کی وجہ سے آج ایک بار پھر شاہراہ کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 28فروری کو بھی شاہراہ کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا اور ایک فوٹو شوٹ بھی کیا گیا جس میں کچھ گاڑیاں روانہ کرنے کی تصاویر بھی میڈیا کیلئے جاری کی گئی تھیں لیکن بنیادی طور پر شاہراہ بند تھی ۔اس اعلان کے بعد قریب 154مال بردار گاڑیوں نے لداخ کا رخ کیا لیکن تب سے 50روز سے زائد کا عرصہ گذر گیا ، یہ سبھی مال بردار گاڑیاں گنڈ، گگن گیر اور دوسری جگہوں پر درماندہ پڑی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سات بار شاہراہ کو کھولنے کی کوشش کی گئی لیکن ہر بار شدید برفباری ہوئی۔گذشتہ ماہ باڈر روڈ آرگنائزیشن کا ایک مقامی ڈرائیور غلام رسول بٹ ساکن گگن گیر، زوجیلا کے مقام پر پتھر گرآنے کے نتیجے میں لقمہ اجل بن گیا ۔ معلوم ہوا کہ ماہ صیام کے متبرک ایام میں کرگل اور دراس میں اشیاء خوردونی کی قلت کے خدشہ کے پیش نظر انتظامیہ پر مقامی لوگوں کی جانب سے یہ دبائو تھا کہ شاہراہ کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔باڈر روڈ آرگنائزیشن اور پروجیکٹ وجیک کی جانب سے شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کیلئے جگہ جگہ مشکلات سے گذرنا پڑا لیکن بالا آخر منگل کے روز سہ پہر 4بجے شاہراہ کو آمدورفت کے قابل بنایا گیا۔ ڈی ایس پی ٹریفک رورل گاندربل فہیم علی پنجابی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سونہ مرگ سے کرگل کی طرف سبزی سے بھرے 11 ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو روانہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر منی مرگ کے مقام پر3 فٹ،زوجیلامیں 3 فٹ،گمری میںساڑے تین فٹ اور شیطانی نالہ میں 4فٹ سے زائد برف جمع ہے۔ لیکن برف کی سب سے زیادہ اونچائی پانی مکھا اور اسکے آگے ہے،جہاںبرف کی پسیاں پہاڑو سے گر آئی ہیں اور یہاں30فٹ سے 40فٹ کے درمیان ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جو مال بردار گاڑیاں سونہ مرگ شاہراہ کے مختلف مقامات پر کھڑی ہیں انہیں فی الحال گگن گیر سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے آج یعنی بدھ سے برفباری کی ایک اور پیشگوئی کی گئی ہے ، لہٰذا آج شاہراہ پر کوئی گاڑی نہیں چلے گی۔