جموں //محکمہ خزانہ نے ’’ لاڈلی بیٹی ‘‘ سکیم کی مؤثر عمل آوری کے لئے سماجی بہبود محکمہ کے حق میں 20کروڑ روپے کی اضافی رقم واگزار کی۔سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لون کے مطابق اس رقم کی واگزار ی سے رواں مالی سال کے دوران مذکورہ سکیم کی عمل آوری کے لئے مجموعی طور 32کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جنسی تفاوت کو دُور کرنے کے لئے اس سکیم کے تحت اُن کنبوں کی بچیوں کے حق میں ریاستی حکومت ایک ہزار روپے فی ماہانہ فراہم کرتی ہے جن کی سالانہ آمدن 75,000 روپے سے کم ہو۔ڈاکٹر لون نے کہا کہ یہ ماہانہ رقم بچی کی 14برس کی عمر تک ہر ماہ دی جاتی ہے اور سود کے بغیر کل رقم ایک لاکھ68ہزار روپے بنتی ہے۔ڈاکٹر لون نے مزید کہاہے کہ یہ سکیم اس وقت ریاست کے 8اضلاع بشمول جموں، سانبہ ، کٹھوعہ ، کشتواڑ ، اننت ناگ ، پلوامہ ، بڈگام اور سری نگر میں نافذ العمل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اب تک 34,254 مستحقین کو اس سکیم کے دائرے میں لایا گیا۔