عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو فرید آباد کے رہائشی سویاب کی این آئی اے کی تحویل میں مزید 10 دن کی توسیع کر دی ہے، ججن پر لال قلعہ کے بمبار عمر النبی کو پناہ دینے کا الزام ہے۔جانچ ایجنسی نے سویاب کو جمعہ کے روز سخت سیکورٹی کے درمیان پٹیالہ ہائوس کورٹ میں پیش کیا جب اس کی سابقہ 10 دن کی حراست کی میعاد ختم ہوگئی، جو 26 نومبر کو دی گئی تھی۔میڈیا کو کارروائی کی کوریج سے روک دیا گیا۔ملزم کو پرنسپل اینڈ سیشن جج انجو بجاج چاندنا کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے تحقیقاتی ایجنسی کو سویاب سے مزید 10 دن پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دی۔این آئی اے ترجمان نے کہا کہ ایجنسی نے ہریانہ کے فرید آباد میں دھوج کے رہنے والے سویاب کو دہلی بم دھماکے سے قبل مبینہ طور پر “عمر النبی” کو لاجسٹک مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ سویاب اس معاملے میں این آئی اے کے ذریعہ گرفتار کیا گیا ساتواں ملزم ہے، جس کا تعلق جموں و کشمیر پولیس کے ذریعہ پکڑے گئے “وائٹ کالر” دہشت گردی کے ماڈیول سے ہے۔