سرینگر // پولیس نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حیدر پورہ علاقے میں جنگجوئوں کے 2اعانت کاروں کو گرفتار کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کا تعلق مبینہ طور پر لشکر طیبہ سے ہے۔پولیس بیان کے مطابق53آر آر،43بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران لالو شیش گری حیدر پورہ سرینگرعلاقے میں لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ دو معاون کاروں کو گرفتارکیا جوکہ ہمہامہ حیدرپورہ علاقے میں جنگجوئوںکو پناہ ، لاجسٹک اور دیگر مدد فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔ پولیس نے گرفتار افراد کی شناخت عاقب احمد وانی ولد امتیاز احمد وانی ساکن لالو شیشگری حیدرپورہ اور عادل منظور میر ولد منظور احمد میر ساکن نادرگنڈہمہامہ کے بطور ہوئی ہے۔مذکوریہ معاون کار مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان میں مقیم دہشت گرد کمانڈروں کیساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کے قبضے سے قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا۔تھانہ پولیس بڈگام نے ان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 68/2021 متعلقہ دفعات کے تحت درج کرلیا ہے۔ادھر بدھ کی صبح پنزی پورہ اچھہ بل سوپورمیں فورسز کی طرف سے تلاشی آپریشن عمل میں لایا گیا ۔ جنگجوئوںکی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاعات کے بعد ایس او جی سی آر پی ایف اور فوج نے مشترکہ طور پر سوپور کے منی پورہ گاؤں کا محاصرہ کیا ۔ اس دوران فورسز کی بھاری نفری کو داخلی اور خارجی راستوں پر بٹھا دیا گیا اور خانہ تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔فورسز نے تمام محلہ جات کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی۔ تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔