فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے علاقے حاجی بل میں اتوار کے روز اچانک ہونے والی شدید ژالہ باری نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں میوہ باغات، سبزیوں اور دیگر کھڑی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ چند ہی منٹوں میں سیب، ناشپاتی اور دیگر پھلدار درختوں کے پھل زمین پر گر گئے جبکہ پودے اور فصلیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ کسانوں نے بتایا کہ اس قدرتی آفت نے ان کی سال بھر کی محنت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔متاثرہ کسانوں نے انتظامیہ سے فوری معاوضے اور نقصانات کے تخمینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت امداد فراہم نہ کی گئی تو انہیں شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ادھر مقامی حکام نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں روانہ کی جا رہی ہیں اور متاثرہ افراد کو ممکنہ امداد فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں موسمی تبدیلیوں کے باعث اس طرح کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے زرعی شعبہ خاص طور پر متاثر ہو رہا ہے۔