عظمیٰ نیوز سروس
اونتی پورہ//اسلامک یونیورسٹی کے شعبہ ریاضیاتی علوم نے منطقی میموریل وقف ہائر سیکنڈری اسکول کے اشتراک سے قومی یومِ شماریات 2026کے موقع پر ایک ورکشاپ اور بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔تقریب کا مقصد شماریاتی خواندگی کو فروغ دینا اور تحقیق، پالیسی سازی اور قومی ترقی میں شماریات، ریاضی اور ڈیٹا اینالیٹکس کی بڑھتی ہوئی اہمیت سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔
شعبہ ریاضیاتی علوم کے سربراہ ڈاکٹر پیر بلال احمد نے خطاب کرتے ہوئے پرسانتا چندر مہالانوبس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس سال کے موضوع ’انتظامی اعداد و شمار کی صلاحیت کو بروئے کار لانا‘پر روشنی ڈالتے ہوئے مثر طرزِ حکمرانی اور پائیدار ترقی میں اس کی اہمیت اجاگر کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بلال احمد پرہ نے مختلف شعبوں میں ڈیٹا اینالیٹکس کے انقلابی کردار پر تفصیلی لیکچر دیا اور طلبہ کو ڈیٹا پر مبنی دنیا میں نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔