محمد تسکین
بانہال// منگل کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم بانہال قصبہ اور ناشری ٹنل کے درمیان متعدد مقامات پر ٹریفک کی رفتار سست رہی اور ہلکے ہلکے ٹریفک جام سے بھی مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق منگل کے روز جھکینی ادھم پور سے مال گاڑیوں کویکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی مگر اس جاری ایڈوائزری کے باوجود وادی کشمیر سے بھی ٹرکوں اور ٹینکروں کی بڑی تعداد کو جموں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی جو بانہال اور ناشری کے درمیان شالگڑی ، کشتواڑی پتھر ، شیر بی بی ، گانگرو ، رامسو ، پنتھیال اور مہاڑ کے تنگ مقامات پر ٹریفک جام کی وجہ سے بنا اور ٹریفک کی رفتار سست روی کا شکار رہی۔ اس دوران ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ منگل کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دو طرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی جبکہ بعد دوپہر سے ادھم پور سے وادی کشمیر کی طرف جانے والے ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات شاہراہ کی خراب اور یکطرفہ حالات اور گوجر بکروالوں کا مال اور ڈیرے لیکر کشمیر وادی کی طرف سالانہ ہجرت کی وجہ سے شاہراہ جے متعدد مقامات پر ٹریفک کی رفتار سست رہی تاہم سہہ پہر بعد اس پر قابو پایا گیا۔