محمد تسکین
بانہال//جموںسرینگر قومی شاہراہ پر ہفتہ کے روز گانگرو ، سمرولی و دیول علاقوں میں پسیوں کو ہٹانے کیلئے 7گھنٹے طویل کارروائی کی گئی اور اسکے بعد اتوار کی سہ پہر تقریباً پانچ بجے شاہراہ کو جزوی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے، راجہ عادل حمید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رامسو اور دیول میں شاہراہ کے ایک ٹیوب کو ہفتہ کی شام ہی آمدورفت کے قابل بنا دیا گیا تھا اور یاتریوں کو اسی راستے روانہ کیا گیا۔ انکا کہنا ہے کہ اسکے بعد شاہراہ سے بھاری پتھروں، مٹی اور ملبہ ہٹانے اور سڑک کو معمول کی ٹریفک کے لیے بحال کرنے کا کام شروع کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ بحالی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تقریباً پانچ بجے سمرولی، ناشری، چندرکوٹ، رامسو اور بانہال سمیت مختلف مقامات پر درماندہ سینکڑوں گاڑیوں کو مرحلہ وار اپنی منزلوں کی جانب روانہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر گر آئے بھاری چٹانوں کو توڑ کر ہٹایا گیا اور ملبہ کو صاف کرکے درماندہ ٹریفک کو بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کہ دیول کے مقام پر شاہراہ کی ایک ٹیوب کو نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث فی الحال ٹریفک دوسرے قابل استعمال ٹیوب کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔