ہندوستان میں تعلیمی شعبہ پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک ملازمتوں کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جدید تکنیکوں اور نئے نئے کورسز نے اس شعبہ میں بھی روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کردیا ہے۔ تعلیمی شعبے میں ملازمت کے لیے مخصوص مہارت اور تربیت لازمی ہے۔ ابتدائی سطح پر گریجویشن کے ساتھ ڈپلوما اِن ایجوکیشن، بیچلر اِن ایجوکیشن ، بیچلر ان فزیکل ایجوکیشن، جونیر کالج کی سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ بیچلر ان ایجوکیشن ، ڈگری کالج سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ نیٹ یا سیٹ کی قابلیت ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سطح پر ایسو سی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر وغیرہ کے لیے ایک امیدوار کا ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) ہونا لازمی ہے۔ایک تجزیے کے مطابق ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔ہمارے ملک میں بتدریج اعلیٰ تعلیم میں انرولمنٹ کی شرح بڑھتی جارہی ہے اور اسی کے مطابق اس شعبے میں ملازمت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ ہمارے طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیم میں رغبت پیدا کرنی ہوگی اورتعلیمی شعبے میں اپنا مقام بنانا ہوگا۔ آئیے قومی سطح پر ڈگری کالیجز میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر اور جونیر ریسرچ فیلو شپ امیدواروں کے لئے اہلیتی امتحان کا جائزہ لیں۔ جس کیلئے ریاستی سطح پر سیٹ (State Eligibility Test)اور قومی سطح پر (National Eligibility Test)جنھیں ہم عرفِ عام میں نیٹ/سیٹ کہتے ہیں۔ نیٹ (NET) امتحان سے متعلق دیگر تفصیلات حسبِ ذیل ہیں۔
منعقد کرنے والا ادارہ ؛قومی سطح پر منعقد ہونے والا یہ امتحان یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے لیے تشکیل کردہ خود مختار ادارے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعے سال میں دو مرتبہ جون اور دسمبر میں منعقد کیا جاتا ہے۔ امسال کووڈ کی بناء پر یہ امتحان دسمبر2020سائیکل کا امتحان مئی 2021میں3مئی تا 17مئی2021کے درمیان آن لائن طریقے پر منعقد ہوگا۔
کن امیدواروں کے لیے ہے ؟ ؛قومی سطح پر کسی بھی ڈگری کالج میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر ملازمت کے متمنی یا یو جی سی کی اسکیموں کے لیے جونیر ریسرچ فیلوشپ حاصل کرنے یا پھر دونوں کے خواہشمند امیدواراس امتحان میں شریک ہوسکتے ہیں۔
اہلیت ، رعایت اور مضامین؛فی الوقت یہ امتحان81(اکیاسی)مضامین کیلئے منعقد ہورہا ہے جس کی تفصیل ویب سائٹ www.nta.ac.in پر دستیاب ہے۔ مذکورہ مضامین میں پوسٹ گریجویٹ کامیاب طلبہ جنھوں نے55 فیصد یا اس سے زائد مارکس حاصل کیے ہیں یا پوسٹ گریجویشن کے آخری سال میں ہوں وہ درخواست دے سکتے ہیں ۔امیدوار صرف انہی مضامین کا انتخاب کرسکتے ہیں جس میں انھوں نے پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ اوبی سی ، ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو 5 فیصد مارکس کی رعایت ہوگی یعنی ایسے امیدوار وں کا پوسٹ گریجویشن میں پچاس فیصد مارکس ہوتو وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
پی ایچ ڈی ہولڈرس کو رعایت؛ایسے امیدوار جن کا پی ایچ ڈی19ستمبر1991سے قبل مکمل ہوچکا ہے اگر وہ اس امتحان میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو انھیں5فیصد کی رعایت ہوگی۔
امتحان کی نوعیت، طریقہ کار ، سینٹرس اور پرچوں کی تفصیل؛یہ امتحان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT)ہوگا۔ یعنی امتحان مکمل آن لائن ہوگا جس کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں امتحان کے سینٹر س ہوں گے ، شہروں کی تفصیل ویب سائٹ پر موجود ہے۔ دو پرچے ہوں گے جو ملٹی پل چوائس کے سوالات پر مبنی ہوں گے اور دونوں پرچوں ایک ساتھ تین گھنٹے کے دورانیے میں مکمل کرنے ہوں گے۔ پہلا پرچہ50(پچاس) سوالات پر مشتمل 100(سو) مارکس کا ہوگا۔ یہ ٹیچنگ اور ریسرچ اپٹی ٹیوٹ کی جانچ کے لیے ہوگا۔ جبکہ دوسرا پرچہ100(سو) سوالات پر مشتمل200(دو سو) مارکس کا ہوگا۔ دوسرا پرچہ امیدوار کے ذریعے منتخب کیے گئے مضمون کا ہوگا جس کے تمام سوالات لازمی ہوں گے۔ اس طرح تین گھنٹے میں ایک سو پچاس سوالات تین سو مارکس کیلئے حل کرنے ہوں گے۔
ٹیسٹ کی مشق (Mock Test) ؛نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے طلبہ کی سہولت کے لئے آن لائن امتحان کی مشق کیلئے موک ٹیسٹ کی سہولت بھی فراہم کی ہے تاکہ طلبہ کو اصل امتحان کا تجربہ مل جائے اور وہ ذہنی طور پر اس کیلئے تیار ہوں۔ موک ٹیسٹ کی مزید تفصیلاتویب سائٹ پر درج ہیں۔
فیس؛جنرل امیدواروںکو ہزار روپئے ، جنرل (ای ڈپلیو ایس) ، او بی سی (نان کریمی لئیر) امیدواروں کو پانچ سو روپئے جبکہ ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو دو سو پچاس روپئے فیس بھرنا ہوگی۔
فارم بھرنے کا طریقہ کار؛خواہشمند امیدوار ویب سائٹwww.nta.ac.in یاhttps://ntanet.nic.in پر جائیں ۔ دی گئی لنکFill Application Form for Dec. 2020 cycle (May 2021) پر کلک کریں ۔ امیدواروں کو تین اسٹیپس میں فارم بھرنا ہوگا۔ پہلا مرحلہ رجسٹریشن، فوٹو اور دستخط اپلوڈ کرنا اورامتحان کی فیس ادا کرنا۔ امیدوار New Registration پر کلک کریں۔دی گئی ہدایات بالخصوص فوٹو ، دستخط اور پاس ورڈ سے متعلق کا بغور مطالعہ کریں اور اس کے بعد بھریں۔ فیس آن لائن ، نیٹ بینکنگ، ڈیبٹ کارڈ ، کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ ادا کی جاسکتی ہے۔امیدواروں کو امتحان کے مرکز کے طور پر چار شہروں کو منتخب کرنا ہوگا، ایجنسی اس بات کو ترجیح دے گی کہ امیدوار کے قریبی شہر میں امتحان کا سینٹر دیا جائے لیکن انتظامی امور کے تحت دور کا سینٹر بھی دیا جاسکتا ہے۔
اہم تاریخیں؛فارم بھرنے کا آغاز ہوچکا ہے۔2مارچ2021تک آن لائن فارم بھرے جاسکتے ہیں، جبکہ03مارچ2021رات 11بجکر50منٹ تک فیس کی ادائیگی کی لنک کھلی رہے گی۔ اگر آپ کے فارم میں کچھ غلطی ہوگئی ہو تو اس کی تصحیح کے لئے5مارچ2021 تا 9مارچ2021تک تصحیح کیلئے پورٹل پر لاگ ان کیا جاسکتا ہے۔ امتحان کی تاریخ ، وقت اور امتحانی مرکز کا نام و پتہ امیدوار کے ہال ٹکٹ پر درج ہوگا۔ ہال ٹکٹ کی دستیابی کی تاریخ عنقریب ویب سائٹ اور امیدواروں کو ای میل اور مسیج کے ذریعے دی جائے گی۔
کچھ اہم باتیں؛امیدوار کو فارم بھرتے وقت اپنا ورکنگ ای میل آئی ڈی اور موبائیل نمبر استعمال کرنا ہوگا۔ ایجنسی کی جانب سے تمام معلومات ای میل اور میسیج کے ذریعے موصول ہوں گی۔ امسال کووڈ کی بناء پر مزید احتیاطی اقدامات جیسے ماسک، سینی ٹائزر وغیرہ ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ امیدوار کو امتحان گاہ میں اپنا ایک فوٹو بھی ساتھ لے جانا ہے۔ فوٹو وہی ہونا چاہیے جو آپ نے فارم بھرتے وقت اپلوڈ کیا ہے۔ فوٹو زیادہ پرانا نہ ہو۔بیک گرائونڈ سفید اور چہرہ 80 فیصد تک کھلا ہونا چاہیے۔ کان واضح طور پر نظر آئیں اس کا خیال رکھیں۔
پرچہ اول (PAPER I) کی تیاری کیسے کریں ؟
نیٹ اور سیٹ امتحان کے دو نوں پرچوں میں سے پہلا پرچہ تدریسی و تحقیقی رجحان (Teaching & Research Aptitude) کی جانچ کیلئے ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر اسے امیدوار کی توجیہی قابلیت(Reasoning Ability)،انگریزی فہم و ادراک (Comprehension)،منفرج سوچ (Divergent Thinking) اور عمومی معلومات (General Awareness) کی جانچ کیلئے ترتیب دیا جاتا ہے۔ غلط جواب پر کوئی منفی مارکنگ نہیں ہوتی جبکہ تمام پچاس سوالات لازمی ہوتے ہیں۔ پرچہ اول تدریسی جانچ، تحقیقی جانچ، ادراک،ترسیل، ریاضیاتی توجیہات، منطقی توجیہات، اعداد شمار کا بیان، انفارمیشن و کمیونکیشن ٹیکنالوجی (کمپیوٹر)، عوام و ماحول، اعلیٰ تعلیمی نظام(حکومت، پالیسی اور انتظامیہ ) حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ بازار میں اس کیلئے خاص کتابیں دستیاب ہیں تمام امیدواروں کو چاہے ان کا دوسرا پرچہ کسی بھی مضمون کا ہو پہلا پرچہ لازمی طور پر یہی ہوتا ہے۔ اس پرچے کی تیاری کے لئے کتابوں کے علاوہ باقاعدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس کیلئے چند اہم نکات درج ذیل ہیں۔
اسٹڈی پلان تیار کریں؛پرچہ اول کے تمام سیکشن (حصوں) کے مطالعے کے لئے بازقاعدہ ایک ٹائم ٹیبل ترتیب دیں اور ہر دن کا ایک نشانہ مقرر کریں۔
نصاب کا مکمل ادراک؛یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے اپنی ویب سائٹ پر نصاب کی مکمل معلومات فراہم کی ہے امیدوار باریک بینی سے مطالعہ کریں اور اہم اسباق اور تصورات کو سمجھ لیں۔
زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں؛گذشتہ برسوں کے پرچوں میں پوچھے گئے زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کی سوالات حل کرنے کی رفتار میں تیزی اور درستگی آئے گی۔
اپنے کمزور پہلوؤں پر محنت کریں؛آپ کن شعبوں میں کمزور ہیں مشقی امتحان (Mock Test) اور گذشتہ پرچوں کو حل کرنے سے آپ کو اس کا اندازہ ہوجائے گا۔ ان پر زیادہ محنت کیجیے، بار بار پڑھیے اور زیادہ سے زیادہ وقت دیجیے۔
نظم ِ وقت (Time Management)؛امتحان کے دوران وقت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ آپ کو تین گھنٹے میں ایک سو پچاس سوالات حل کرنے ہیں۔ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ ہونے کی بناء پر آپ کو صرف صحیح جواب پر نشان لگانا ہوگا۔ آپ جتنی مرتبہ چاہیں اپنے جوابات تبدیل کرسکتے ہیں۔ وقت مکمل ہونے سے قبل آپ ٹیسٹ ختم نہیں کرسکتے ۔ مشقی سوالات حل کرنا آپ کو وقت کا بہتر استعمال سکھاتا ہے۔
بہت سے طلبہ سے بات کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوسرا پرچہ چونکہ ان کے پوسٹ گریجویشن کے مضمون کا ہوتا ہے اسلئے عموماً اس میں انھیں کم پریشانی ہوتی ہے لیکن پہلا پرچہ بعض امیدواروں کی سمجھ میں بھی نہیں آتا۔ اس کی ایک اہم وجہ ناقص منصوبہ بندی اور لاپرواہی ہے۔ پہلے پرچے کی تیاری کسی بھی اہلیتی امتحان کے لئے دستیاب کتاب کی مدد سے کی جا سکتی ہے بالخصوص بی ایڈ اور پی ایچ ڈی کے اہلیتی امتحانوں کے لئے دستیاب کتابیںاہم رول اداکرتی ہیں۔ مزید ویب سائٹ پر موجود مشقی امتحان (Mock Test)کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ ایسے تمام امیدوار جو اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں انھیں باقاعدہ منصوبہ بند پڑھائی ، صحیح سمت میں اور مستقل مزاجی کے ساتھ کرنی چاہیے ، کامیابی یقیناً ان کے قدم چومے گی۔
رابطہ۔9970809093،