راجوری //حیران کن مگر یہ بات حقیقت ہے کہ ٹائون پلاننگ دفتر راجوری اور پونچھ درجہ چہارم کے ایک ملازم سمیت تین ملازمین کے سپرد ہے جبکہ بارہا گزارشات کے باوجود حکام نے اس دفتر کے نظام میں بدلائولانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا۔ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ راجوری اور پونچھ کیلئے ایک ہی ٹائون پلاننگ دفتر ہے جس کا صدردفتر راجوری میں واقع ہے جو سات میونسپل کمیٹیوں سندربنی،کالاکوٹ، نوشہرہ،راجوری ،تھنہ منڈی،سرنکوٹ اور پونچھ کی دیکھ بھال کرتاہے تاہم خود اس دفتر کا حال یہ ہے کہ اس میں درجہ چہارم کے ایک ملازم سمیت صرف تین ملازمین تعینات ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ اوسطاًیومیہ راجوری پونچھ سے پچاس سے ساٹھ معاملات ایسے ہیں جن میں عمارت کی تعمیر کیلئے اجازت درکا ر ہوتی ہے اوران سبھی معاملات کو حل کرنے کیلئے موقعہ پر معائنہ کرکے این او سی جاری کرناپڑتی ہے جبکہ یہی دفتر ماسٹر پلان مرتب کرتاہے اور اسی کے ذریعہ مختلف ٹائون پلاننگ سکیموں کی عمل آوری بھی ہوتی ہے۔ذرائع کاکہناہے کہ اس دفتر میں عملے کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس وجہ سے مشکلات کاسامناہے۔ذرائع نے بتایاکہ اس وقت دفتر میں صرف تین ملازمین تعینات ہیں جن میں اسسٹنٹ ٹائون پلانر ،ایک ڈرافٹس مین اور ایک درجہ چہارم کا ملازم ہے جبکہ کام کاج کو بہترطریقہ سے چلانے کیلئے سات سے آٹھ ملازم درکار ہیں جن میں دو ڈرافٹس مین بھی شامل ہیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ ایک ٹائون پلانر،ہیڈ ڈرافٹس مین، دو ڈرافٹس مین، ایک ٹریسر ، ایک جونیئر اسسٹنٹ کی تعیناتی کے بارے میں بارہا متعلقہ حکام سے گزارشات کی گ ئیں تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیںہوا۔ذرائع نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر دفتر سے خط زیر نمبرDDCR/P&S/ULB-84/ 2017-18بتاریخ 09-03-2018ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز اور چیف ٹائون پلانر ٹائون پلاننگ آرگنائزیشن جموں سے رجوع کرکے یہ بتایاتھاکہ راجوری دفتر میں دونوں اضلاع کے معاملات سے نمٹناپڑتاہے جس کے علاوہ راجوری اور پونچھ کا ماسٹر پلان مرتب کرنے کیلئے بھی تعاون دیناپڑتاہے جس کیلئے ضروری ہے کہ عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کچھ حرکت نہیں ہوئی ۔ذرائع نے بتایاکہ اس خط کے ذریعہ ڈپٹی کمشنر دفتر نے حکام کو اس بات سے آگاہ کیاتھاکہ عملے کی کمی کے باعث ماسٹر پلان کی تیاری میں مشکلات درپیش ہیں لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی مرتبہ حکام سے رجوع کیاجاچکاہے ۔رابطہ کرنے پر ضلع انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ کچھ دفاتر میں عملے کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے اوریہی مسئلہ ٹائون پلانر دفتر راجوری کو بھی درپیش ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے عملے کی تعیناتی کاکہاگیاہے۔