نئی دہلی//اشیا اور سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل نے قدرتی آفات سے متاثرہ ریاستوں کی اقتصادی مدد کے لئے اضافی ٹیکس لگانے کے امکان کے بارے میں کیرالہ کی تجویز پر جمعہ کو تبادلہ خیال کیا اور اس پر غور کے لئے وزراء کا سات رکنی گروپ بنانے کا فیصلہ کیا۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کونسل کی یہاں ہونے والی 30 ویں میٹنگ کے بعد وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بتایا کہ جی ایس ٹی قانون کی دفعہ 279 اے (4) (ایف) کے تحت جی ایس ٹی کونسل کو آفات کے معاملے میں خصوصی شرح لاگو کرنے کااختیار ہے ۔ اجلاس میں کیرل نے گزشتہ ماہ آنے والے سیلاب اور شدید بارش کے پیش نظر خصوصی ٹیکس لگانے کی اجازت مانگی۔ اس پر مختلف ریاستوں نے اپنے خیالات پیش کئے ۔ ایک مشورہ یہ بھی دیا گیا کہ متاثرہ ریاستوں کے لوگوں کو ہی اضافی ٹیکس کا بوجھ برداشت کرنا چاہیے ۔جیٹلی نے کہا کہ اس طرح کی تجویز پہلی بار آئی ہے اور آج کا قدم ہمیشہ کے لئے مثال بن جائے گا۔ یہ طے کیا گیا کہ سات ریاستوں کے وزراء خزانہ کے ایک گروپ اس معاملے پر غور کرے گا۔ گروپ میں شامل وزراء کے نام ایک دو دن میں طے کئے جائیں گے اور کچھ ہفتے میں اسے اپنی رپورٹ سونپنی ہوگی۔ یہ وزیر شمال مشرق، پہاڑی اور ساحلی ریاستوں کے ہوں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کیرالہ کے وزیر خزانہ کا گروپ میں رہنا طے ہے ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ گروپ بنیادی طور پر پانچ سوالات پر غور کرے گا۔ خصوصی شرح کسی ایک ریاست پر لاگو کی جائے یا پورے ملک میں، یہ صرف لگزری اور نقصان دہ اشیاء پر اطلاق ہو یا دیگر اشیاء پر بھی، کس قسم کی اور کسی زبردست آفت کی صورت میں اس نظام کی اجازت دی جانی چاہیے اور آئین کے مطابق اس طرح کے ٹیکس لگانے کی کیا قانونی عمل ہو سکتا ہے۔