کشتواڑ//ضلع ڈسٹرکٹ منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بدھ کے روز ٹی آر سی سنٹر میں کسی بھی ڈیزاسٹر کے دوران کم سے کم جانی و مالی نقصان کی تیاریوں کے متعلق ایک بیداری تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔دن بھر چلنے والے اس تربیتی پروگرام میں کشتواڑ علاقہ کے مقامی لوگوں اور درجنوں رضاکاروں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے کہا کہ ایسے ایونٹ قدرتی آفات سماوی اور انسانی تباہی سے جانی و مالی نقصان کم کرنے کے لئے ضرورری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشتواڑ میں ایسے پروگراموں میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ملوث کرنا بہت ہی ضروری ہے۔اس موقعہ پر ایس ڈی آر ایف،سول ڈیفنس، سی آئی ایس ایف، انڈین آرمی، جے کے پولیس، ہوم گارڈز،ہیلتھ و دیگرمحکموں کے تکنیکی ماہروں نے بھی شرکت کی۔اور آفات سماوی سے ہوئے نقصانات کو کم کرنے کے موضوع پرتبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پر لائیو ڈیمانسٹریشن بھی پیش کی گئی۔تکنیکی ماہروں اور رضاکاروں نے بھی آفات سماوی کے دوران محفوظ طریقہ سے مکانوں کے اندر پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔پروگرام کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیم نے بھی آتشزنی جیسے آفات سے دور رہنے کے متعلق احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشوری لعل نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔