محتشم احتشام
پونچھ//سری مستان ٹرائبل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین چوہدری محمد اسد نعمانی کو یومِ جمہوریہ 2026 کے پْروقار موقع پر قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے پریسٹیجس ٹرائبل ایوارڈ سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں قبائلی فلاح و بہبود اور سماجی خدمت کے میدان میں نمایاں، مسلسل اور مؤثر خدمات کے اعتراف میں عطا کیا گیا۔اعزاز کی تقریب ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک شرما اور ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین سمیت ضلع پولیس و سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے قومی یکجہتی، سماجی ذمہ داری اور قبائلی ترقی کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب چوہدری محمد اسد نعمانی کو اس باوقار اعزاز سے نوازا گیا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ خلوصِ نیت اور تسلسل کے ساتھ قبائلی عوام اور پسماندہ طبقات کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔ گزشتہ برس حکومتِ جموں و کشمیر کی جانب سے انہیں سماجی خدمات کے اعتراف میں یو ٹی ایوارڈ برائے سماجی خدمت بھی دیا جا چکا ہے۔مرحوم مولانا محمد شریف نعمانی کے صاحبزادے، چوہدری محمد اسد نعمانی طویل عرصے سے سماجی خدمت کے میدان میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے بالخصوص تعلیم کے فروغ، محروم طبقات کی بااختیاری اور دور دراز، پسماندہ و غیر ترقی یافتہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ سری مستان ٹرائبل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی قیادت کے ذریعے انہوں نے حاشیے پر رہنے والی برادریوں کی زندگی میں مثبت اور پائیدار تبدیلی لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔یہ باوقار اعزاز ایک بار پھر چوہدری محمد اسد نعمانی کی لگن، وڑن اور بے لوث خدمت کی روشن مثال ہے، اور توقع کی جاتی ہے کہ ان کی کاوشیں آئندہ بھی فلاحِ انسانیت اور قبائلی ترقی کے سفر کو نئی جہتیں عطا کرتی رہیں گی۔