وزیراعلیٰ نے اَقدامات کا خاکہ پیش کیا
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ایوان کو بتایا کہ محکمہ سیاحت جموں و کشمیرکے اہم سیاحتی مقامات بشمول حلقہ ترال میں سیاحتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سیاحوں کے لئے سہولیات بہتر بنانے کے لئے پْرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ ترال کے رْکن اسمبلی رفیق احمد نائیک کی طرف سے علاقے میں سیاحت کی ترقی سے متعلق اْٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
اْنہوں نے بتایا کہ حکومت ترال میں سیاحوں کے لئے سہولیات بہتر بنانے کے اَقدامات کر رہی ہے اور اِس بات پر زور دیا کہ سیاحت سے متعلق ترقیاتی کام زمین کی دستیابی، مالی وسائل اور ماحولیاتی تقاضوں بالخصوص ماحولیاتی طور پر حساس پہاڑی علاقوں میں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر کئے جاتے ہیں۔ اِسی مناسبت سے یہ اَقدامات منظور شدہ منصوبوں اور بجٹ کے مطابق مرحلہ وار انجام دئیے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے خصوصی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے فیض پناہ، ترال اور بجوانی میں دو سیاحتی کیفے ٹیریاز اس وقت زیر تعمیر ہیں تاکہ مقامی سیاحتی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ثقافت نے جموں و کشمیر میں ثقافتی ورثے اور مذہبی سیاحت کے فروغ، تحفظ اور ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن میں حلقہ ترال بھی شامل ہے۔ یہ کام کیپکس بجٹ کے تحت مرحلہ وار اور مقررہ مدت میں مکمل کئے جا رہے ہیں جن میں تعمیراتی و ورثہ جاتی ڈھانچوں کی بحالی، مرمت، تحفظ اورمینی ٹیننس کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔وزیرا علیٰ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ محکمہ سیاحت جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن سے سیاحت کے کچھ اثاثے لینے کے عمل میں ہے جس میں شکارگاہ میں چار ایکو لاگ ہٹس اور ایک ٹورسٹ فسیلیٹیشن سینٹر شامل ہیں۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ان اثاثوں کو باضابطہ طور پر حاصل کرنے کے بعد مرحلہ وار بحال کرکے فعال بنایا جائے گا۔
پہلگام میں پاور سپلائی بحال
عظمیٰ نیوز سروس
جموں //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ایوان کو آگاہ کیا کہ گوپال پورہ گرڈ سب سٹیشن میں تکنیکی خرابی کے بعد پہلگام حلقہ میں بجلی کی معمول کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے جبکہ فیلڈسٹاف سسٹم کو مستحکم بنانے کے لئے مسلسل دن رات کام کرتا رہاہے۔وزیر اعلیٰ نے رْکن اسمبلی پہلگام الطاف احمد وانی (کلو) کی طرف سے پیش کی گئی توجہ دِلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 25 اور 26 جنوری 2026 ء کی درمیانی شب کو جی ایس ایس مٹن (گوپال پورہ) میں نصب 50 ایم وی اے، 33/132 کے وی پاور ٹرانسفارمر شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا تھا۔
اْنہوں نے کہا کہ اس خرابی کے نتیجے میں ٹرانسفارمیشن صلاحیت عارضی طور پر کم ہو گئی جس کے باعث گرڈ کے استحکام کو برقرار رکھنے اور اوورلوڈنگ سے بچنے کے لئے جی ایس ایس مٹن سے نکلنے والے فیڈرز پر اضافی لوڈ شیڈنگ کی ضرورت پڑی۔وزیر اعلیٰ نے کہا، ”خرابی کے فوراً بعد جے کے پی ٹی سی ایل کا تکنیکی عملہ گرڈ سب سٹیشن پر موجود رہا اور سسٹم کو بحال کرنے کے لئے دن رات کام کیا۔’اْنہوں نے بتایا کہ عارضی انتظام کے طور پر 20 ایم وی اے، 33/132 کے وی پاور ٹرانسفارمر نصب کیا گیا اور جنگی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا۔ اْنہوں نے کہا،”اِنجینئروں اور فیلڈ عملے کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں اس ٹرانسفارمر کو 4 فروری 2026 ء کو کامیابی کے ساتھ فعال کر دیا گیا جس سے بجلی کی معمول کی فراہمی بحال ہو گئی۔”وزیرا علیٰ نے کہا،”تاہم، موسمی حالات میں بہتری اور بجلی کی فراہمی میں اضافے کے ساتھ 33 کے وی پہلگام فیڈر کے تحت علاقوں کے لئے بجلی کی کٹوتی اَب کم کر کے 8 گھنٹے (6 گھنٹے ایل سی پی کے تحت اور 2 گھنٹے اضافی) کر دی گئی ہے۔”