بڈگام// چاڈورہ کے چیک محلہ قاضی پورہ کے لوگوں نے آر اینڈ بی محکمہ کے خلاف انوکھااحتجاج کرتے ہوئے سڑک کے بیچوں بیچ دھان کی پنیری لگائی۔احتجاجی مظاہرین کے مطابق چیک محلہ قاضی پورہ چاڈورہ سڑک کی کئی سالوں سے ناگفتہ بہ ہے ،سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن چکے ہیں جس کے سبب مقامی آبادی کو عبورومرورمیں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔معمولی بارش ہوتے ہی یہ سڑک تالاب کا منظرپیش کرتی ہے جبکہ دھوپ میں ہر طرف گردو غبار اڑتا رہتا ہے۔مقامی شہری محمد ایوب نے بتایا کہ انہوںنے کئی بار اس سڑک کی خستہ حالی کومتعلقہ حکام کی نوٹس میں لایااورسڑک کی مرمت کا مطالبہ کیالیکن متعلقہ حکام نے کوئی اقدام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی سے تنگ آکر وہ احتجاجی راستہ اختیار کرنے کیلئے مجبور ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ قاضی پورہ علاقہ تحصیل چاڈورہ سے محض چھ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے لیکن اس رابطہ سڑک کو حکام نے سالوں سے نظر انداز کردیا ہے ۔