سیکورٹی خدشات ظاہر، میچز میکسیکو منتقل کرنے کا مطالبہ
یواین آئی
تہران/ایرانی وزیرِ کھیل احمد دنیامالی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث، ایرانی فٹ بال ٹیم اس وقت تک فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکہ کا سفر نہیں کرے گی جب تک ان کے میچز میکسیکو منتقل نہیں کر دیے جاتے ۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ایرانی کھلاڑیوں کی حفاظت کی ضمانت دینے سے معذرت کی تھی۔ایران کی فٹ بال فیڈریشن نے فیفا سے باقاعدہ درخواست کی ہے کہ موجودہ جنگی حالات اور سفارتی تناؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں تبدیلی کی جائے ۔
ایران فٹ بال کے سربراہ مہدی تاج کا موقف ہے کہ جب میزبان ملک (امریکہ) خود تحفظ فراہم کرنے سے قاصر ہے ، تو ٹیم کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے تمام گروپ میچز امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کیے جائیں، جو کینیڈا کے ساتھ ورلڈ کپ کا مشترکہ میزبان ہے ۔ 28 فروری سے شروع ہونے والے فوجی حملوں نے مشرقِ وسطیٰ اور بین الاقوامی کھیلوں کے میدان میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے ۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ تاحال فیفاکے حتمی جواب کے منتظر ہیں، جس پر ایران کی ٹورنامنٹ میں شرکت کا دارومدار ہے ۔کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر واضح کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہونا چاہتے ، لیکن اصولوں اور حفاظت پر سمجھوتہ بھی ممکن نہیں۔