کولکتہ، 25 اکتوبر (یو این آئی) بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) نے انڈر 17 ورلڈ کپ کے چھٹے میزبان مقام کے طور پر کولکتہ کو منگل یہاں اپنی ہری جھنڈی دینے کے ساتھ بتایا کہ ملک میں ٹورنامنٹ اگلے سال چھ سے 28 اکتوبر تک منعقد کیا جائے گا اور اس کا ڈرا سات جولائی کو نکالا جائے گا۔ کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم کا دورہ کرنے آئے فیفا کی تفتیشی ٹیم نے یہاں تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد شہر کو انڈر 17 ورلڈ کپ کی میزبانی کے چھٹے وینیو کے طور پر اپنی منظوری دے دی۔اس کے ساتھ یہ صاف ہو گیا ہے کہ ملک کے چھ شہروں کولکتہ، کوچی، ممبئی، گوا، نئی دہلی اور گوہاٹی میں فیفا ٹورنامنٹ کیلئے میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ فیفا کے ٹورنامنٹ چیف مارین میئر وورفیلڈر نے یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ انڈر 17 ورلڈ کپ ہندستان میں سال 2017 میں چھ سے 28 اکتوبر تک منعقد کیا جائے گا۔اس ٹورنامنٹ کا ڈرا سات جولائی کو نکالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورے سے لے کر اب تک یہاں کافی کام کیا گیا ہے ۔ہمیں اس بات سے بہت خوشی ہوئی ہے ۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر جیویر سیپي نے کہا کہ یہاں جو کام کیا گیا ہے اس سے ہم مطمئن ہیں۔لیکن کولکتہ میں فائنل ہوگا یا نہیں یہ باقی کام مکمل ہونے کے بعد جائزہ لئے جانے کے بعد ہی طے کیا جائے گا۔ یہاں اس موقع پر ریاست کے وزیر کھیل اروپ بسواس بھی موجود تھے ۔انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد دی جائے گی اور سالٹ لیک اسٹیڈیم میں 31 جنوری 2017 تک سارا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ یو این آئی