عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے حکومت کے فیصلے کو “تاریخی” قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے “مکمل طور پر آئینی” اقدام پر منظوری کی مہر لگ جاتی ہے۔ایکس پر ایک پیغام میںانہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف ایک قانونی فیصلہ نہیں ہے، بلکہ یہ امید کی کرن ہے، ایک روشن مستقبل کا وعدہ ہے اور ایک مضبوط، زیادہ متحد ہندوستان کی تعمیر کے اجتماعی عزم کا ثبوت ہے۔مودی نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی تنسیخ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ “تاریخی” ہے اور آئینی طور پر 5 اگست 2019 کو پارلیمنٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتا ہے۔انہوں نے کہا”یہ جموں، کشمیر اور لداخ میں ہماری بہنوں اور بھائیوں کے لیے امید، ترقی اور اتحاد کا ایک شاندار اعلان ہے‘‘۔ عدالت نے اپنی گہری دانشمندی میں اتحاد کے اس جوہر کو مضبوط کیا ہے جسے ہم ہندوستانیوں کے طور پر ہر چیز سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں اور اس کی قدر کرتے ہیں، ۔وزیر اعظم نے مزید کہا ، “میں جموں، کشمیر اور لداخ کے لچکدار لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔”انہوں نے زور دے کر کہا، ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ترقی کے ثمرات نہ صرف آپ تک پہنچیں بلکہ ہمارے معاشرے کے سب سے کمزور اور پسماندہ طبقوں تک بھی پہنچیں جنہیں آرٹیکل 370 کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔